اسلام آباد: ائیرمارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان کا کہنا ہے کہ دبئی ائیر شو میں گرنے والے بھارتی تیجس طیارے میں فنی خرابی کی اطلاعات تھیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ائیرمارشل ریٹائرڈ اور دفاعی تجزیہ کار عاصم سلیمان نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق ٹیکنیکل فالٹ بھی ہوسکتا ہے ، ایسے حادثوں کے بعد بھارت اور بھارتی فضائیہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔
ماہر قومی سلامتی امور سید محمد علی نے کہا کہ طیارہ گرنے پر فضائی قوت کے طور پر بھارت کو شدید دھچکا لگا ہے ۔ حادثے میں پائلٹ کی غلطی ہوسکتی ہے ، ویڈیو میں پائلٹ کی غلط فیصلہ سازی لگ رہی ہے ۔
بھارتی فضائیہ ٹیکنالوجی، وسائل اور افرادی قوت سے مالا مال ہے ، لیکن مختلف موقعوں پر اس کے 100 سے زائد طیارے گر چکے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی جہاز تیجس تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا،چشم دید شواہد
دفاعی تجزیہ کار ضیغم خان نے حادثے کو بھارتی دفاعی پیداوار کے نظام میں موجود مسلسل ساختی کمزوریوں کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ائیر چیف پہلے ہی اعتراف کر چکے ہیں کہ ملکی دفاعی مینوفیکچرنگ اور خریداری کے معیار فرنٹ لائن لڑاکا طیاروں کے تقاضوں کے مطابق نہیں۔
ضیغم خان کے مطابق طیارے کی کوالٹی اور ایروبیٹک شو کے لیے پائلٹ کی تیاری دونوں عوامل حادثے کا سبب ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طیارے کی تباہی کے بعد تیجس کی عالمی مارکیٹ میں برآمدات اور خریداروں کی دلچسپی متاثر ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی نظام کی کمزوریاں پوری دنیا کے سامنے آشکار ہوگئی ہیں، بھارت کی دفاعی صنعت کے کچھ حصوں میں کرپشن بھی ایک طویل عرصے سے موجود الزام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کا جنگی جنون،رافیل کے فیل ہونے پر تیجس طیارے خریدنے کی منظوری دیدی
دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) مسعود خان نے بھی حادثے کو بھارت کی ہوا بازی کی ساکھ کے لیے شدید نقصان قرار دیا، خصوصاً اس صورتحال میں جب دبئی ائیر شو میں 200 سے زائد جدید طیارے نمائش پر موجود تھے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر کا حوالہ دیا جن میں تیجس طیارے سے تیل کا رساؤ دکھایا گیا تھا۔ ان کے مطابق کسی قسم کا تکنیکی ردعمل سامنے نہ آیا اور حادثہ تابوت میں آخری کیل ثابت ہوا۔




