سیلاب زدگان

آزادکشمیر، کابینہ کی تشکیل کے بعد انتظامی افسران کی اکھاڑ پچھاڑ

مظفرآباد: حکومت آزادکشمیر نے کابینہ کی تشکیل اور وزراء کو محکمے الاٹ کرنے کے بعد انتظامی افسران کی اکھاڑ پچھاڑ شروع کردی ہے اور کئی افسران کے تبادلوں کی فہرستیں تیا ر کر لی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت آزادکشمیر نے کابینہ کی تشکیل اور وزراء کو محکمے الاٹ کرنے کے بعدڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض کو تبدیل کرکےڈپٹی سیکرٹری محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن بخلاف اسامی تعینات کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کابینہ، ہیلتھ کارڈ کا اجراء،تعلیمی اداروں میں سٹاف کی کمی دور کرنے کا فیصلہ

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ18کے افسرڈپٹی ڈائریکٹر ایم ڈی ایچ اے ساجد اسلم کو تبدیل کرکے ڈپٹی کمشنر میرپور تعینات کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آنے والے دنوں میں مزید افسران کے تبادلوں کا امکان ہے اورسیکرٹریز کی بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے آخری ایام میں کافی افسران کے تبادلےاور ترقیاں کی تھیں ، عموماً نئی حکومت اپنی پسند کی بیوروکریسی اور انتظامی افسران لاتی ہے جس پر مزید تبادلے متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دانش سکولوں کا قیام وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کا انقلابی اقدام، فیصل راٹھور

یہ بھی یاد رہے کہ وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی جانب سے 20رکنی کابینہ کو محکمے الاٹ کردیئے گئے ہیں، وزرات اطلاعات ، وزارت داخلہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کسی وزیر کو فی الحال الاٹ نہیں کی ہیں اور متوقع طور پر یہ دونوں اہم وزارتیں وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور اپنےپاس ہی رکھیں گے۔

Scroll to Top