مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)مسلم کانفرنس خواتین ونگ کی مرکزی چیئرپرسن محترمہ سمعیہ ساجد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اور صرف تکمیل پاکستان میں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام آج بھی پاکستان کے نام پر قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ قربانیاں کسی نعروں کی نہیں بلکہ ایک حقیقت کی علامت ہیں ۔ سمعیہ ساجد نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو کبھی بھی کمزور نہیں ہونے دیا اور اپنے حقوق کے لیے جدو جہد جاری رکھی ہے۔ وہ سمجھتی ہیں کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، اس وقت تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا ۔
چیئرپرسن نے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد میں ہونے والا کشمیر بنے گا پاکستان کنونشن ایک تاریخ ساز ہوگا، جو نہ صرف کشمیر کے مسئلے کی اہمیت کو اجاگر کرے گا بلکہ عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو مزید مستحکم کرے گا۔ یہ کنونشن مسلم کانفرنس کے ایجنڈے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کے ذریعے کشمیر کے عوام کی آواز کو پورے پاکستان میں بلند کیا جائے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر بنے گا پاکستان کوئی نعرہ نہیں بلکہ ایک عقیدہ ہے،سمعیہ ساجد
سمعیہ ساجد نے کہا کہ مسلم کانفرنس کانظریہ الحاق پاکستان کے ساتھ اس کی مکمل انضمام کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں مسلم کانفرنس اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور چوہدری غلام عباس اور مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کے مشن کو آگے بڑھائے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ بزرگ رہنما ہیں جنہوں نے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور ہمیشہ نظریہ الحاق پاکستان کے حق میں آواز اٹھائی ۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار کمیٹی نے عوام کو کبھی بھی کوئی ریلیف نہیں دیا، بلکہ عوامی مسائل کو نظرانداز کیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ مسلم کانفرنس ہمیشہ سے نظریہ الحاق پاکستان کی محافظ رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہ جماعت اپنے مشن کو جاری رکھے گی ۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کو پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کے ساتھ ان کا رشتہ مضبوط ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم کانفرنس اپنے اسلاف کے مشن کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی اور عوام کی حمایت سے کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر ایک نیا رخ دے گی۔ کشمیر کا مسئلہ حل ہو اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے ۔




