فیصل راٹھورکابینہ کا پہلا اجلاس آج سہ پہر 3 بجے مظفرآباد میں ہوگا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کی نئی قائم ہونے والی کابینہ کا پہلا باقاعدہ اجلاس آج سہ پہر 3 بجے وزیراعظم سیکریٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوگا ۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کریں گے جبکہ تمام وزراء ، مشیران اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام کو بھی اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے ۔ نئے حکومتی سیٹ اپ کے تناظر میں یہ اجلاس خصوصی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اجلاس کا سب سے اہم ایجنڈا محکموں کی باقاعدہ تفویض ، وزراء کے درمیان ذمہ داریوں کی واضح تقسیم اور مختلف سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک مربوط حکمتِ عملی کی تیاری ہے ۔

توقع کی جا رہی ہے کہ وزیراعظم اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر ایسے عملی اور قابلِ نفاذ اقدامات تجویز کریں گے جن سے انتظامی امور میں شفافیت ، تیزرفتاری اور موثریت کو فروغ مل سکے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نومنتخب وزیراعظم فیصل راٹھور کا سیکرٹریز کو اضافی گاڑیاں واپس کرنے کا حکم

مزید معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور اجلاس کے دوران نئے حکومتی ورک پلان پر بھی مشاورت کریں گے، جس میں سہ ماہی اور ششمائی اہداف کی ترتیب شامل ہے ۔

ان اہداف کا مقصد حکومتی پالیسیوں کے بروقت نفاذ ، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ اور عوامی سہولیات کے شعبوں میں بہتری کو یقینی بنانا ہے ۔

وزیراعظم کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیے جانے کا امکان ہے کہ تمام وزراء اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے پیش کریں تاکہ حکومتی کام کو بہتر انداز میں مانیٹر کیا جا سکے ۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ اجلاس نئی کابینہ کے عملی سفر کا نقطہ آغاز ہے جو آئندہ حکومتی پالیسیوں کے تعین، نظم و ضبط کے قیام اور محکمہ جاتی کارکردگی میں اضافے کے لیے بنیاد فراہم کرے گا ۔

Scroll to Top