وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے باغ میں دانش اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا اور امریکی رپورٹ نے پاکستان کی فتح پر مہر لگادی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کی رپورٹ نے پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی فتح کو تصدیق دی، جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی جانب سے بھارت کے 7 جہاز گرانے کا بارہا ذکر کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ شاہینوں کی شاندار کارکردگی نے بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ 4 روزہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کو زناٹے دار تپھڑ رسید کیا، یہ اللہ کے فضل اور فیلڈ مارشل کی بلاخوف قیادت کی بدولت ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں مشاورت سے بھرپور فیصلے کیے گئے اور افواج پاکستان کی دلیری اور فتوحات کے باعث پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا حویلی، لیپہ میں اسکولوں کے منصوبے کا اعلان
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت سے نوازا، اور پاک فوج کی بری افواج نے الفتح میزائل داغے، جس سے پاکستان کا عالمی وقار مزید مستحکم ہوا۔
وزیراعظم نے دانش اسکول کے حوالے سے کہا کہ اس تعلیمی منصوبے کا آغاز پنجاب سے ہوا اور اب یہ پورے ملک میں ترقی کے ذریعے پھیل رہا ہے۔ بھمبر میں دانش اسکول کا 35 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور یہ وادی نیلم تک پھیل جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کی خواہش پر فاروڈ کہوٹہ میں بھی دانش اسکول بنایا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکول پاکستان کے نامور تعلیمی اداروں کے ہم پلہ ہیں، جہاں غریب بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانش اسکول کے ذریعے علامہ اقبال اور قائد اعظم کا خواب پورا ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باغ میں دانش سکول کا سنگ بنیاد:وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان
وزیراعظم نے معاشی ترقی کے حوالے سے کہا کہ حکومت دن رات محنت کر رہی ہے، اور ایک دن آئے گا جب پاکستان اپنی قرضوں سے آزاد ہوگا۔




