سیون اسٹار ہوٹل

سی ڈی اے کا وفاقی دارالحکومت میں سیون اسٹار ہوٹل کی تعمیر کا فیصلہ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیون اسٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے تمام انتظامی اور تکنیکی تیاری مکمل کر لی گئی ہے ۔ یہ شاندار منصوبہ خاص طور پر آئندہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ کے دوران غیر ملکی مہمانوں کی رہائش اور میزبانی کے لیے ترتیب دیا جا رہا ہے ۔

ذرائع کے مطابق کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) نے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے لیے بین الاقوامی کمپنیوں کو باضابطہ طور پر مدعو کر دیا ہے۔ CDA کی جانب سے جاری کیے گئے عالمی ٹینڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ ہوٹل کی تعمیر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یا جوائنٹ وینچر کے تحت بین الاقوامی کمپنیوں کے تعاون سے کی جائے گی ۔

اس جدید ہوٹل کے لیے اسلام آباد کے حساس اور اہم علاقے ریڈ زون کو منتخب کیا گیا ہے ، جہاں دنیا کے دیگر دارالحکومتوں کی طرح اعلیٰ معیار کی رہائشی اور کانفرنس سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی : علیمہ خان سمیت متعدد کارکنان اڈیالہ ناکے سے گرفتار

منصوبے کے تحت ہوٹل میں عالمی معیار کے بڑے کانفرنس ہالز، جدید سیمینار اور میٹنگ رومز، وسیع بینکوئٹ ہالز، لگژری مہمان خانے، اور جدید سیکیورٹی نظام شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ، وسیع ملٹی اسٹوری پارکنگ بھی تعمیر کی جائے گی تاکہ سفارتی وفود ، سرکاری مہمانوں اور دیگر بین الاقوامی شرکا کو بہترین سہولیات میسر ہو سکیں ۔

CDA حکام کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کے عالمی تشخص کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ اسلام آباد میں جدید طرز کی تعمیرات کے فروغ کا بھی سبب بنے گا۔ ہوٹل کو SCO سمٹ سے قبل مکمل کرنا ترجیحی اہمیت کا حامل ہے تاکہ مہمانوں کو عالمی معیار کی رہائش فراہم کی جا سکے ۔

حکام کا کہنا ہے کہ سیون اسٹار ہوٹل کی تکمیل سے نہ صرف اسلام آباد کی خوب صورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں میں بھی مضبوط اور مثبت اضافہ ہوگا ۔

Scroll to Top