اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیر اعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور کو ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی۔
منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے آزاد کشمیر کے نو منتخب وزیر اعظم فیصل راٹھور کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود، معاشی ترقی و خوشحالی اور امن و سلامتی کے لیے آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے ہمراہ آزاد کشمیر کی 20 رکنی کابینہ حلف اٹھائے گی
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی ہے، جس کے بعد فیصل ممتاز نئے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔ اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔
تحریک عدم اعتماد سردار جاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید اور دیگر کے ہمراہ پیش کی گئی، جس میں متبادل قائد ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام پیش کیا گیا۔ ووٹنگ کے دوران راجا فیصل ممتاز راٹھور کو 36 ووٹ ملے جبکہ مخالفت میں صرف 2 ووٹ ڈالے گئے۔ تحریک کی کامیابی کے لیے سادہ اکثریت یعنی 27 ووٹ درکار تھے۔ چوہدری انوار الحق اپریل 2023ء میں 48 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے مستعفی ہونے کے بجائے تحریک کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: انوارالحق ،حامی ممبران ،مسلم کانفرنس، جموں وکشمیر پیپلزپارٹی کا بائیکاٹ
فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے سولہویں وزیراعظم ہوں گے اور موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم ہوں گے۔ ووٹنگ سے قبل شہر میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔ نئے وزیراعظم کی حلف برداری کل بروز منگل متوقع ہے، جس میں پیپلز پارٹی پاکستان کی مرکزی قیادت کے شریک ہونے کا امکان ہے۔
نئی حکومت کو دو بڑے سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایکشن کمیٹی کے معاہدوں پر عملدرآمد نئی حکومت کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ مسلم لیگ نون کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے پر عملدرآمد بھی نئی حکومت کے لیے کڑا امتحان ہے۔ کابینہ کو 20 وزراء تک محدود رکھنا بھی نئی حکومت کے لیے آزمائش ہوگی۔ آج کی رائے شماری آزاد کشمیر کی سیاست کا نیا رخ متعین کرے گی۔




