سعودی عرب کے راستے تجارت،پاکستان اور بنگلہ دیشی ایئرلائنز میں تاریخی معاہدہ

اسلام آباد: پی آئی اے اور بنگلہ دیش کی بمان ائیر لائن کے درمیان تاریخی کارگو معاہدہ ہوا ہے یہ معاہدہ یکم دسمبر 2025ء سے نافذ العمل ہوگا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے بنگلہ دیش کی بمان ایئر لائنز کے ساتھ ایک اہم کارگو انٹرلائن اسپیشل پروریٹ معاہدہ کر لیا جس پر یکم دسمبر سے عمل درآمد ہوگا۔

اس شراکت داری کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان فضائی کارگو کی نقل و حرکت کو ہموار بنانا ہے۔ معاہدے کی رو سے سعودی عرب کے اہم شہروں، جدہ، مدینہ اور ریاض کو ٹرانزٹ گیٹ ویز کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

یہ شراکت داری علاقائی تجارت کے لیے ایک اسٹریٹیجک کوریڈور قائم کرے گی،​ معاہدے کی بدولت ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکلز اور زرعی مصنوعات جیسی قیمتی اشیاء کی ترسیل میں موجود لاجسٹک پیچیدگیاں کم ہو جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور ڈھاکہ کو بدگمانیاں پھیلانے والےدشمن پر نظر رکھنا ہوگی، معاون خصوصی بنگلہ دیش

​ دونوں ملکوں کی قومی ائر لائنز کے وسیع نیٹ ورکس کے ذریعے، معیاری اور کم لاگت پر مشتمل کارگو حل فراہم کیے جائیں گے۔

پی آئی اے پاکستانی برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو خطے میں سب سے زیادہ موثر کارگو خدمات تک رسائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

یاد رہے کہ شیخ حسینہ واجد کی حکومت ختم ہونے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں اور تجارت کے فروغ سمیت دو طرفہ تعاون کے کئی معاہدے ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان بنگلہ دیش تعلقات میں بڑی پیشرفت، ڈھاکہ کوکراچی پورٹ استعمال کرنے کی پیشکش

دونوں ممالک کے وزرا بھی ممالک کا دورہ کرچکے ہیں، اگست میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش حکومت کے سربراہ محمد یونس سے ملاقات کی تھی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

Scroll to Top