راولپنڈی(کشمیر ڈیجیٹل) بانی پی ٹی آئی وسابق وزیراعظم عمران خان سے کل وکلا کی ملاقات کا دن، جیل حکام کو فہرست بھجوا دی گئی۔
تحریک انصاف نے 6 وکلاء کے ناموں پر مشتمل فہرست جیل حکام کے حوالے کی، کوآرڈی نیٹر سلمان اکرم راجہ کی جانب سے مذکورہ ناموں کی فہرست چودھری اویس یونس نے جیل حکام کے حوالے کی۔
فہرست میں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر علی ظفر کا نام شامل ہے، نعیم حیدر پنجوتھا، نیاز اللہ نیازی اور عرفان نیازی کا نام بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔
عمران خان کی تینوں بہنیں اور بشریٰ بی بی کی فیملی بھی ملاقات کیلئے آئے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اقتدار عوام کی امانت،اشرافیہ کا تاثر ختم کرنے کیلئےکردار ادا کروں گا،فیصل ممتاز راٹھور
یاد رہے کہ جسٹس ارباب محمد طاہر نے وکیل سلمان اکرم راجا کی درخواست پر سماعت کی جو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے دوران وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کے تحریری حکمنامے کے باوجود گزشتہ منگل کو ان کی ملاقات نہیں کروائی گئی۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ایس ایچ او اعزاز نے عدالتی حکم تسلیم نہیں کیا، اس لیے عدالت ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو ان کے ساتھ بھیجے۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیئے کہ عدالت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی، عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو سلمان اکرم راجا کی جیل ملاقات کا معاملہ دیکھنے کی ہدایت کی، جج نے ریمارکس دیئے کہ اگر سلمان اکرم راجا جیل میں ملاقات نہیں کر سکتے تو وہ ٹوئٹر ایکس کیس میں عدالت کی معاونت کیسے کریں گے؟
عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کو روسٹرم پر طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود ملاقات کیوں نہیں ہوئی؟ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے مؤقف اپنایا کہ وہ متعلقہ حکام کو دوبارہ آگاہ کر دیں گے۔
بعدا زاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی، کیس کی آئندہ تاریخ تحریری حکمنامے میں جاری کی جائے گی۔




