راولپنڈی:شاہین شاہ آفریدی نے کامیابی کا کریڈٹ تمام کھلاڑیوں کو دیتے ہوئے کہا کہ ایک اچھی ٹیم کی نشانی یہی ہے کہ ہر میچ میں نیا ہیرو سامنے آتا ہے، ٹیم میں تبدیلی کی پالیسی ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہورہی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ایک اچھی تبدیلی پالیسی جاری ہے اور ہر بولر کو موقع دیا جارہا ہے، جس سے ٹیم کا کمبی نیشن مضبوط ہوا ہے۔ ان کے مطابق نئے بالرز ہر میچ کے لیے تیار رہتے ہیں اور آج بھی یہی ہوا۔
انہوں نے نوجوان بولر فیصل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بینچ پر بیٹھ کر بھی اس نے خود کو بہترین ثابت کیا۔ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان نے دونوں میچز میں خود کو ثابت کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تیسرا ون ڈے : پاکستان نے سری لنکا کو 6وکٹوں سے شکست دیدی
دوسری جانب سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم کے ٹاپ بیٹرز نے اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کیا جس کی وجہ سے مشکلات پیش آئیں۔ انہوں نے اسپنر وینڈرسے کی بولنگ کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ٹی 20سیریز میں مختلف بولنگ یونٹ بہتر کھیل پیش کرے گا۔
سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حارث رؤف نے حاصل کیا، جنہوں نے تین میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مشکل اوورز میں بولنگ کر کے ہی ٹیم کے لیے اثر پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
میچ کے بہترین کھلاڑی محمد وسیم جونیئر قرار پائے جنہوں نے 47 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں اور کہا کہ کنٹرول اور ڈاٹ بالز ہی ان کی کامیابی کی بنیاد ہیں۔
پاکستان نے 211 رنز کے ہدف کا تعاقب 32 گیندیں پہلے مکمل کیا۔ فخر زمان اور بابر اعظم کی 74 رنز کی پارٹنرشپ نے بنیاد رکھی جبکہ محمد رضوان اور حسین طلعت کی ناقابل شکست 100 رنز کی شراکت نے جیت پکی کر دی۔




