حکومت کا ملک بھر میں 95 ہزار ملازمتیں پیدا کرنے کا منصوبہ

اسلام آباد: وزارت منصوبہ بندی کے تازہ اعلانات نے ملک کی معیشت کے حوالے سے نئی راہیں متعین کر دی ہیں۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے برسوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری اور ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی کے ذریعے مجموعی اقتصادی بحالی کی امید کی جا رہی ہے۔

حکومتی تخمینوں کے مطابق آئندہ 5 سے 7 سال کے دوران ملک بھر میں جاری بڑے منصوبوں کے نتیجے میں 95 ہزار سے زیادہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق سینٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے صرف اکتوبر 2025 میں 12 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی، جن کا تعلق توانائی، پانی، زراعت، گورننس، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور اردن نے تعلقات مضبوط کرنے اور غزہ کے باشندوں کی حفاظت پر اتفاق کیا

وزارت منصوبہ بندی نے تصدیق کی ہے کہ 6 بڑے منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے ہیں۔ ابتدائی تخمینے کے مطابق ان منصوبوں کے آغاز سے فوری طور پر 2501 نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، جبکہ طویل المدت اثرات اس سے کہیں زیادہ ہو سکتے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کے 1000 ارب روپے کے بجٹ میں سے پہلے 4 ماہ کے دوران 330 ارب روپے کی منظوری جاری کی جا چکی ہے۔ اکتوبر تک وزارت منصوبہ بندی نے 33 فیصد فنڈز جاری کر دیے تھے اور مختلف شعبوں میں 134 ارب روپے سے زیادہ سرمایہ کاری کی جا چکی تھی۔

ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ فنڈز کے تیز اجرا اور منصوبوں کی بروقت منظوری سے حکومت کی یہ حکمت عملی سامنے آتی ہے کہ وہ معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ان اقدامات سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ ملکی جی ڈی پی میں بھی مثبت اضافہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا میں مختلف آسامیوں کا اعلان،آخری تاریخ سامنے آ گئی

ترقیاتی منصوبوں میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری کو ملک کی معاشی سمت میں بہتری کی علامت قرار دیا جا رہا ہے، اور ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رفتار برقرار رہی تو آئندہ چند برسوں میں پاکستان میں کاروباری ماحول زیادہ مستحکم ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top