عالمی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی

عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جس نے سرمایہ کاروں اور عوام دونوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ایک دن کے دوران سونے کی قیمت میں 91 ڈالر فی اونس کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد عالمی سطح پر سونا 4 ہزار 83 ڈالر فی اونس پر آ گیا۔ ماہرین کے مطابق عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاری کے بدلتے رجحانات سونے کی قیمتوں میں کمی کی اہم وجوہات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لکی مروت، بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی افراد کی مشترکہ کارروائیاں، متعدد دہشتگرد ہلاک

مقامی مارکیٹ میں بھی ایک ہی دن میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک تولہ سونا 9 ہزار 100 روپے سستا ہوا، جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 30 ہزار 662 روپے ہو گئی۔ اسی طرح دس گرام سونا 7 ہزار 799 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 69 ہزار 223 روپے پر آ گیا۔ چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، اور ایک تولہ چاندی 209 روپے کم ہو کر 5 ہزار 313 روپے کی ہوگئی۔

گزشتہ روز بھی یہی رجحان جاری رہا تھا، جب ایک تولہ سونا 3 ہزار 300 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 39 ہزار 762 روپے رہ گیا تھا۔ اسی دوران دس گرام سونا 2 ہزار 829 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 77 ہزار 25 روپے پر آ گیا تھا۔ چاندی کی قیمت بھی گھٹی تھی، اور ایک تولہ چاندی 140 روپے کمی کے بعد 5 ہزار 522 روپے تک آگئی تھی۔ اس مسلسل اتار چڑھاؤ نے مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال بڑھا دی ہے اور سرمایہ کار محتاط فیصلے کرنے پر مجبور ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی سے متعلق دی اکانومسٹ کے بڑے انکشافات

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں مختلف معاشی عوامل سے متاثر ہو رہی ہیں، اسی لیے سرمایہ کاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تازہ ترین نرخوں سے باخبر رہیں۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کے سونے کے ذخائر میں امریکا پہلے نمبر پر ہے، جبکہ ایشیاء میں چین اور بھارت نمایاں ہیں، اور پاکستان عالمی رینکنگ میں 49 ویں نمبر پر موجود ہے۔

Scroll to Top