ریاض (کشمیر ڈیجیٹل) سعودی نیشنل سینٹر فار میٹالوجی نے ملک بھر میں جاری خراب موسم کے پیشِ نظر شدید بارشوں اور ممکنہ فلیش فلڈ کے حوالے سے اہم انتباہ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ سے منگل تک سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جن سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
تازہ ترین پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ مکہ، جدہ، مدینہ، تبوک، الجوف، شمالی سرحدی علاقہ، حائل، القصیم، ریاض، مشرقی صوبہ، الباحہ، عسیر اور جازان سمیت ملک کے وسیع حصے کو متاثر کرے گا۔ حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے موسم کی اپ ڈیٹس حاصل کرتے رہیں، سیلاب خیز وادیوں سے دور رہیں اور کم حدِ نگاہ کے دوران ڈرائیونگ میں خصوصی احتیاط کریں۔
یہ بھی پڑھیں: ہیکنگ کے سبب جیگوار لینڈ روور کو 20 کروڑ پاؤنڈز کا نقصان
ادھر مدینہ منورہ اور اس کے گردونواح میں موسمِ سرما کی پہلی بارش نے شہر کا موسم خوشگوار کر دیا ہے۔ مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ خوب بارش ہوئی جس کے ساتھ ہی سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ مسجد نبویؐ میں بھی بارانِ رحمت برسی، جبکہ گنبدِ خضریٰ پر برستی بارش کے مناظر زائرین کے لیے روح پرور ثابت ہوئے۔ زائرین نے بارش کے دوران اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے دعائیں کیں۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ حکام نے شہریوں اور زائرین کو بارش کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں، پانی جمع ہونے والے علاقوں سے دور رہیں اور گاڑی چلانے کے دوران کم رفتار اور محتاط ڈرائیونگ اختیار کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تعاون سے موسم کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکتا ہے اور نقصان کو کم کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک سعودی افواج دفاعی معاہدے کے تحت تعاون آگے بڑھانے پر متفق
یہ بارشیں سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں موسمیاتی تبدیلی اور سرد موسم کی شدت کے حوالے سے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہیں، جس سے عوام اور زائرین دونوں کے لیے موسم کا لطف دوبالا ہو گیا ہے، لیکن ساتھ ہی حفاظتی اقدامات کو نظر انداز نہ کرنے کی ضرورت بھی واضح ہو گئی ہے۔




