آزاد کشمیر

آزاد جموں و کشمیر کے نئے نامزد وزیر اعظم کون ہیں ؟

اسلام آباد/حویلی کہوٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے معروف سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ۔

وہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ممتاز حسین راٹھور کے اور بیگم فرحت راٹھور کے صاحبزادے ہیں جو خود آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی رکن اور پیپلز پارٹی شعبۂ خواتین کی صدر رہ چکی ہیں ۔

فیصل راٹھور کا خاندان آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بانیوں میں شمار ہوتا ہے ۔

فیصل راٹھور نے ابتدائی تعلیم راولپنڈی سے حاصل کی اور گریجویشن پنجاب یونیورسٹی سے مکمل کی ۔ ان کے والد ممتاز حسین راٹھور نے 1975 کے انتخابات کے بعد سینیئر وزیر، 1990 میں وزیراعظم، 1991 میں اپوزیشن لیڈر، اور 1996 میں اسپیکر قانون ساز اسمبلی کے عہدے پر خدمات انجام دیں ۔ ممتاز حسین راٹھور کی وفات کے بعد 1999 میں ان کے بڑے بیٹے مسعود ممتاز راٹھور باقی مدت کے لیے ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عدم اعتماد اسی ہفتے آجائیگی، ہم نے4لوگوں کے نام خفیہ رکھے ہیں،فیصل راٹھور

فیصل راٹھور نے پہلی بار 2006 میں ایل اے-17 حویلی کہوٹہ سے انتخابات میں حصہ لیا۔ 2011 کے انتخابات میں وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے اور چوہدری عبدالمجید کی کابینہ میں وزیر اکلاس اور وزیر برقیات کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2016 میں ایک سیاسی مقدمے میں گرفتار ہوئے، تاہم بعد ازاں بے گناہ قرار پائے۔

23 مارچ 2017 کو فیصل راٹھور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل مقرر ہوئے اور آج تک اس عہدے پر فائز ہیں۔ وہ 2021 کے انتخابات میں دوسری بار ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے اور بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کیا۔ 2023 میں انہوں نے چوہدری انوارالحق کی اتحادی حکومت میں وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ بھی مقرر ہوئے ۔

فیصل ممتاز راٹھور اپنی صلح جو، نرم گفتار اور غیر متنازعہ شخصیت کی بدولت سیاسی و عسکری حلقوں، عوامی ایکشن کمیٹی اور عوام میں مقبول ہیں ۔ وہ پاکستان کے نیشنل میڈیا میں بھی تجربہ رکھتے ہیں اور بول ٹی وی پر مستقل پروگرام کرتے رہے ہیں ۔ پارٹی میں انہیں بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کے انتہائی بااعتماد رہنما کے طور پر جانا جاتا ہے اور وہ پارٹی کے نظریاتی اور متوسط طبقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ۔

Scroll to Top