مظفرآباد:نوشہرہ ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کی وفاقی منظوری کو حلقہ چار کے عوام کے لیے تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی نے وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سردار امتیاز احمد عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ارب اٹھاون لاکھ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا یہ ہائیڈرل منصوبہ یونین کونسل دچھور میراں سمیت پورے حلقے کے عوام کے لیے بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری لائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ میں کمی آئے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کے مکروہ چہرے دنیا کے سامنے بے نقاب
چیئرمین ضلع کونسل نے کہا کہ انہوں نے 2007ء میں مسلم کانفرنس کے دورِ حکومت میں اس منصوبے کی تجویز پیش کی تھی، تاہم اُس وقت کے سیکرٹری توانائی نے اسے پرائیویٹ سیکٹر میں شامل کر دیا، جس کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار رہا۔ سردار امتیاز احمد عباسی نے مزید کہا کہ وزیر پاور چوہدری محمد رشید نے ذاتی دلچسپی لے کر منصوبے کو دوبارہ پبلک سیکٹر میں منتقل کیا اور وفاقی منظوری تک پہنچایا، جو ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونین کونسل دچھور میراں کے عوام بالخصوص اس منصوبے سے مستفید ہوں گے اور مستقبل میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سے طلبہ و طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں میں بھی آسانی پیدا ہوگی۔ سردار امتیاز احمد عباسی نے اس سے قبل تعمیر ہونے والے آر سی سی پل رتی ڈھیری کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کائی منجہ اور دچھور میراں کے رہائشیوں کو آمد و رفت کی سہولت فراہم کی۔
یہ بھی پڑھیں: تینوں مسلح افواج کے لیےقومی اسمبلی نئے ضابطوں کی منظوری دے گی
چیئرمین ضلع کونسل نے امید ظاہر کی کہ وزیر حکومت چوہدری محمد رشید تعلیمی پیکج، سڑکوں کی تعمیر اور دیگر عوامی منصوبوں کے حوالے سے بھی عوامی توقعات پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہڑیالہ کائی منجہ اور پٹھیالی ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے بعد نوشہرہ ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کی وفاقی منظوری توانائی کے شعبے میں بہتری، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور ریاستی معیشت کے استحکام کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔




