مغوی خاتون کو جنات سے چھڑاکر لانے والے کیلئے 5 لاکھ روپےانعام کا اعلان

لاہور: جنات کی جانب سے 6 سال قبل مبینہ طور پر اغوا کی گئی خاتون فوزیہ بی بی کو تلاش کرنے والے کے لیے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے علاقہ کاہنہ سے فوزیہ بی بی نامی خاتون چھ سال قبل لاپتہ ہوئی تھی۔ خاتون کی والدہ نے الزام عائد کیا تھا کہ ان کی بیٹی کو جنات نے مبینہ طور پر اغوا کر لیا ہے۔ اب فوزیہ بی بی کو تلاش کر کے واپس لانے والے شخص کے لیے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان سامنے آیا ہے۔

پولیس کی جانب سے خاتون کی تلاش کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے، جن میں کچے کے علاقے کی مکمل چھان بین بھی شامل تھی۔ پولیس نے تقریباً 180 کے قریب پوسٹرز چسپاں کیے اور مقامی سرداروں کے علاوہ مختلف جیلوں کے سربراہوں سے بھی رابطے کیے، تاہم اس کے باوجود کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔

خاتون کی تلاش کے لیے نادرا سے بھی مدد حاصل کی گئی مگر اس عمل کے باوجود کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ پولیس نے دوران تفتیش 15 افراد کے پولی گرافک ٹیسٹ کرائے اور 673 نمبروں کا ریکارڈ حاصل کیا۔ دوران تحقیق سوات کے علاقے چھانگلہ کا ایک نمبر مشکوک پایا گیا لیکن وہاں سے بھی پولیس کو کوئی کامیابی نہیں ملی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور وانا واقعہ کے شواہد بین الاقوامی فورمز کیساتھ شیئر کرنیکا فیصلہ

ذرائع کے مطابق اوکاڑہ سے پولیس کو ایک گمنام خط موصول ہوا تھا۔ خط کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد بھی کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ اب پولیس نے اس کیس میں 73 افراد کو دوبارہ شامل تفتیش کر لیا ہے تاکہ معاملے کے کسی ممکنہ سراغ تک پہنچا جا سکے۔

رپورٹ کے مطابق مغوی خاتون فوزیہ بی بی کا نہ شناختی کارڈ بنا ہوا ہے اور نہ ہی اس کے لاپتہ ہونے کے وقت اس کے پاس کوئی موبائل فون تھا، جس کی وجہ سے پولیس کے لیے اس کا سراغ لگانا مزید مشکل ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی فون رکھنے کیلئے دیدہ زیب پوکنگ متعارف، قیمت حیران کن

واضح رہے کہ فوزیہ بی بی کی والدہ نے اپنی بیٹی کے سسرالیوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا اور الزام لگایا تھا کہ سسرالیوں نے جنات کے ذریعے اس کی بیٹی کو اغوا کرایا ہے۔ پولیس کی کوششوں کے باوجود اب تک اس کیس میں کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔

Scroll to Top