لاہور: جارح مزاج اوپنر فخر زمان کو سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستانی قومی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے ۔
فخر زمان کو سری لنکا کے خلاف ون ڈے سکواڈ کے ساتھ ساتھ زمبابوے کے اشتراک سے کھیلی جانے والی سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے لیے بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔
اس موقع پر فخر زمان کو مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز کی جگہ شامل کیا گیا جبکہ حسن نواز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے لیے سکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔ وہ قائداعظم ٹرافی میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں گے ۔
دوسری جانب سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستانی سکواڈ اسلام آباد پہنچ چکا ہے ۔ کھلاڑی آج آرام کریں گے جبکہ کل پریکٹس سیشن ہوگا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹرائنگولر سیریز کیلئےسری لنکا کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی
ون ڈے سیریز کے تینوں میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے جو 11، 13 اور 15 نومبر کو کھیلے جائیں گے ۔
ون ڈے سیریز کے بعد سہ ملکی ٹی 20 سیریز 17 سے 29 نومبر تک جاری رہے گی ۔ سیریز کا آغاز پنڈی اسٹیڈیم سے ہوگا جبکہ فائنل اور اختتامی میچز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔
واضح رہے کہ پاکستان نے حال ہی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز 2-1 سے جیت لی تھی ۔ اس دورے میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی جبکہ ٹی 20 سیریز بھی 2-1 سے پاکستان کے نام رہی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے کویت کو شکست دے کر ہانگ کانگ سکسزٹائٹل جیت لیا
یہ حالیہ کامیابیاں قومی ٹیم کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوئی ہیں اور فخر زمان کی واپسی سے اوپننگ میں مزید طاقت اور توازن متوقع ہے۔ شائقین کرکٹ کو توقع ہے کہ ٹیم اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں سیریز میں شاندار کارکردگی دکھائے گی ۔




