وزیر قانون

ججز ٹرانسفر پر ایگزیکٹو کے اختیارات میں کمی، فیلڈ مارشل کا اعزاز تاحیات ہو گا : وفاقی وزیر قانون

اسلام آباد:وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہےکہ ستائیسویں آئینی ترمیم کے تحت ججز ٹرانسفر پر ایگزیکٹو کے اختیارات میں کمی کی گئی ہے جبکہ فیلڈ مارشل کا اعزاز تاحیات ہوگا ۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس کی صدارت باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے کی، اجلاس میں مختلف آئینی ترامیم پر غور کیا گیا جنہیں سینیٹ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا ۔

اعظم تارڑ نے کہا کہ آئینی ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش ہونے کے بعد مشترکہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے گا، حکومت نے اس سلسلے میں پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور دیگر اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کر لی ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی میں آئینی عدالت سے متعلق جو پرانا وعدہ تھا اس پر اتفاق رائے ہو گیا ۔

وزیر قانون نے کہا ہے کہ ججز کے ٹرانسفر کے معاملے پر ایگزیکٹو کے اختیارات میں کمی لانے اور یہ اختیار جوڈیشل کمیشن کے سپرد کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔

 مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی کابینہ نے 27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دیدی

انہوں نے بتایا کہ کے پی کے سینیٹ الیکشن تاخیر کا شکار ہوئے تھے، اس قانونی مسئلے کو حل کرنے کے لیے بھی ترمیمی تجاویز شامل کی گئی ہیں تاکہ انتخابات ایک ہی وقت پر یقینی بنائے جا سکیں، اس کے ساتھ بلوچستان اسمبلی کے حلقوں میں اضافے سے متعلق ترمیم بھی زیر غور ہے ۔

اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا ہے کہ مجوزہ ترمیم میں ابہام دور کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ ایڈوائزرز کی تعداد بڑھا کر 7 کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ آرٹیکل 243 میں بھی ترمیم پیش کی گئی ہے جس کے تحت تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی لائی گئی ہے، 1973 کے آئین سے قبل فیلڈ مارشل کا عہدہ موجود تھا جسے ختم کیا گیا ہے، فیلڈ مارشل کا اعزاز تاحیات برقرار رہے گا ۔

وزیر قانون نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے میں بھی ترمیم کی تجویز شامل ہے، ایم کیو ایم کے اس آرٹیکل سے متعلق بل کو بھی کمیٹی کے سامنے لایا جائے گا، حکومت اتحادی جماعتوں پر زور دے گی کہ وہ اس ترمیم کی منظوری میں تعاون کریں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دو تہائی اکثریت سے منظوری پر ہی ترامیم آئین کا حصہ بنیں گی ۔

Scroll to Top