اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حکومت نے عوام کے لیے خوشخبری سنائی ہےکہ بجلی کے نرخوں میں جلد واضح کمی دیکھنے کو ملے گی ۔ اجلاس میں توانائی پالیسی اور سولرائزیشن منصوبے پر تفصیلی بحث ہوئی ۔
وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کہا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف سولرائزیشن منصوبے پر واضح موقف رکھتے ہیں اور اس کے لیے انہون نے بڑی رقم مختص کر دی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ ختم کرنے کی تجویز ہر بار کابینہ نے مسترد کی اور حکومت عوام دوست توانائی پالیسی پر قائم ہے ۔ آئی پی پیز سے متعلق احکامات جاری ہو چکے ہیں اور ان پر عمل جاری ہے ۔
وزیرِ قانون نے کہا کہ بجلی کے نرخ 50 روپے فی یونٹ سے کم ہو کر تقریباً 32 سے 35 روپے فی یونٹ تک آ گئے ہیں اور عوام کو اس تبدیلی کا اثر جلد بلوں میں نظر آئے گا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک میں 18 اشیائے ضروریہ مہنگی ، 12 سستی ہو گئیں
انہوں نے یقین دلایا کہ وہ عوام کے جذبات کو بذات خود کابینہ میں پیش کریں گے اور عوام کا مقدمہ اپنی پوری قوت کے ساتھ لڑیں گے ۔
وفاقی پارلیمانی سیکرٹری توانائی پٹرولیم ڈویژن میاں خان بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت سوات میں آر ایل این جی کے نئے کنکشن دیے جا سکتے ہیں ، جبکہ ملک میں سوئی گیس کے نئے کنکشن پر پابندی اب بھی برقرار ہے ۔
سوات میں 721 کلومیٹر کی گیس پائپ لائن موجود ہے جس میں 47 ہزار مقامی کنکشن شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آر ایل این جی کی درخواستیں آنے پر ان پر عمل درآمد کیا جائے گا اور پہلے آنے والی درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی ۔
اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے متحدہ عرب امارات ( یو اے ای )کے ساتھ ویزا فری انٹری کے حوالے سے بات چیت جاری ہے ۔




