بھارت میں دکان دارنے جیولری چوری کی واردات ناکام بناتے ہوئے خاتون پر تھپڑوں کی بارش کردی ۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر احمد آباد میں جیولری کی دکان پر واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون مبینہ طور پر جیولری چوری کے ارادے سے دکاندار کی دکان میں داخل ہوئی ۔
رپورٹس کے مطابق خاتون نے دکاندار کو بے بس کرنے کے لیے اس پر مرچوں کا اسپرے کردیا تاکہ موقع پاکر قیمتی زیورات لے کر فرار ہوسکے۔ تاہم دکاندار نے نہایت ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو اسپرے سے بچالیا اور فوری طور پر خاتون کا ہاتھ پکڑ لیا ۔
ویڈیوز کے مطابق دکاندار نے مزاحمت کے دوران خاتون کو تقریباً بیس سیکنڈ میں 17 تھپڑ رسید۔ یہ تمام منظر دکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دکاندار خاتون کو بار بار تھپڑ مارتا ہے، جبکہ وہ خود کو چھڑانے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت میں پاکستان زندہ بادکے نعروں نے ہلچل مچادی
واقعے کے بعد دکاندار نے خاتون کو دکان سے باہر نکال دیا اور پولیس کو اطلاع دیے بغیر معمول کے مطابق اپنا کام جاری رکھا ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دکاندار نے خاتون کے خلاف باضابطہ شکایت درج کروانے سے انکار کردیا۔ تاہم پولیس نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد از خود کارروائی شروع کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ خاتون واقعی چوری کے ارادے سے آئی تھی یا معاملہ کسی ذاتی تنازع کا نتیجہ تھا ۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر واقعے نے ملا جلا ردعمل دیا ہے کچھ صارفین نے دکاندار کو بہادری پر سراہا، جبکہ دیگر نے کہا ہے کہ جیولر کو قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے معاملہ فوری طور پر پولیس کے حوالے کرنا چاہیے تھا ۔




