پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے جوائنٹ سیکرٹری سردار عتیق سخاوت انتقال کر گئے

اسلام آباد: تحریک انصاف پاکستان آزاد کشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ انتقال کر گئے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف پاکستان آزاد کشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

منگ آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ پی ٹی آئی کے انتہائی متحرک رہنما تھے،انکی نماز جنازہ پاکستان ٹائون کی جامع مسجد عشرہ مبشرہ میں رات کو ساڑھے11بجے اداکی گئی جس میں سیاسی وسماجی رہنمائوں نے شرکت کی۔

سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ کی دوسری نماز جنازہ آج بروز ہفتہ آبائی علاقے منگ میں اداکی جائیگی۔

ادھر صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ کے انتقال خبر سنتے ہی ان کے گھر پہنچ گئے ۔

سردار عبد القیوم نیازی نے گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سردار عتیق ایڈووکیٹ پی ٹی آئی کا شیر تھا ، ان کی اچانک موت ایک بہت بڑا سانحہ ہے ، دل بہت رنجیدہ ہے

انہوں نے کہا کہ اپنے ایک جانثار ساتھی سے محروم ہو گیا ہوں ، ان کی پارٹی کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، سردار عتیق سخاوت جیسے کارکن سیاسی جماعتوں کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے بھی  سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ کے انتقال پر اظہار افسوس  کرتے ہوئے کہا کہ سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ مرحوم کے اچانک انتقال کی خبر سُن کر دلی دکھ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے اور ہم میں سے بھی ہر شخص نے مقررہ وقت پر اپنے رب کے حضور لوٹ کر جانا ہے جہاں میزان کے دن کے بعد حقیقی اور دائمی زندگی کا آغاز ہو گا ۔

اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے اور جملہ لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

سردار عتیق سخاوت ایڈووکیٹ کے انتقال پر دیگر سیاسی وسماجی رہنمائوں نے اظہار افسوس کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان سرزمین سے حملہ ہوا تو سخت ردعمل آئےگا، وزیردفاع خواجہ آصف

Scroll to Top