پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ میں اپنے فضائی آپریشن میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ایک اضافی پرواز شامل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔
اس فیصلے کے تحت 11 دسمبر سے قومی ایئرلائن ہفتہ وار تین پروازیں اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے روانہ کرے گی ۔ انتظامیہ کے مطابق برطانیہ جانے والے مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے تاکہ مسافروں کو زیادہ بہتر اور سہل سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں ۔
یاد رہے کہ رواں سال یورپی یونین کی جانب سے پابندی ختم ہونے کے بعد پی آئی اے نے یورپی روٹس پر دوبارہ آپریشن شروع کیا ۔ اس ضمن میں 10 جنوری کو قومی ایئرلائن کی پہلی پرواز ساڑھے چار سال بعد پیرس کے لیے روانہ ہوئی ، جس سے پی آئی اے کی بین الاقوامی بحالی کی علامت قرار دیا گیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی آئی اے دو دہائیوں بعد منافع میں، 6 ماہ میں 11.5 ارب روپے کمائے
واضح رہے کہ جون 2020 میں یورپ اور برطانیہ نے پی آئی اے کی کمرشل پروازوں پر پابندی عائد کی تھی، جس کے تحت قومی ایئرلائن کو ان ممالک کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت منسوخ کر دی گئی تھی۔
یہ فیصلہ کراچی میں پی آئی اے کے ایک طیارے کے المناک حادثے کے بعد سامنے آیا تھا ۔ حادثے کے بعد اس وقت کے وزیر ہوابازی نے پارلیمنٹ میں انکشاف کیا تھا کہ پی آئی اے کے متعدد پائلٹس کے لائسنس مشکوک یا جعلی تھے جس پر یورپی سیفٹی ایجنسی نے فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی ۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن کی بحالی سے نہ صرف قومی ایئرلائن کی ساکھ میں بہتری آئے گی بلکہ بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی سفری سہولتوں میں آسانی میسر آئے گی ۔




