اسلام آباد:گاڑیوں کیلئے کاربن اخراج ٹیسٹ لازمی قرار

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے کیلئے تمام گاڑیوں کیلئے کاربن اخراج ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا۔

اس مقصد کے لیے صرف تصدیق شدہ لیبارٹریز کو ٹیسٹنگ کا اختیار ہوگا۔ اس فیصلے کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں کو کنٹرول کرنا اور فضائی معیار میں بہتری لانا ہے۔

اسلام آباد میں منگل کے روز چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنرمحمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت اجلاس میں یہ فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں بھٹوں اور صنعتوں کو جدید ماحول دوست ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی جبکہ کچرا جلانے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

چیئرمین رندھاوا نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ اسموگ سے نمٹنے کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کی جائے اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ کئی بھٹوں کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر مسمار کیا جا چکا ہے اور باقی کو فوری طور پر جدید نظام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

ماحولیاتی ماہر رضوان محمود نے تجویز دی کہ ایسے درختوں کی افزائش کو ترجیح دی جائے جو فضا سے آلودگی جذب کرنے میں مؤثر ہوں۔

انہوں نے عوامی آگاہی مہمات اور کار پولنگ کے فروغ کی بھی سفارش کی تاکہ گاڑیوں کے دھوئیں میں کمی لائی جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ستائیسویں آئینی ترمیم کا مسودہ تیار، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

Scroll to Top