سلطان برونائی،جنرل ساحر شمشاد مرزا کی اہم ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

برونائی (کشمیر ڈیجیٹل) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، این آئی، این آئی (ایم) نے برونائی کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے برونائی دارالسلام کے سلطان حاجی حسن البلقیہ موئزالدین ودالعہ ابنِ مرحوم سلطان حاجی عمر علی سیف الدین سعد الخیری ودعین سے تفصیلی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان عالمی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے برونائی کے ساتھ پاکستان کے خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ برونائی دارالسلام کے سلطان اور وہاں کی سول و عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، ان کی خدمات اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: نیویارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کی رمیز راجہ سے متعلق بات وائرل

دورے کے دوران چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو ہیڈکوارٹرز رائل برونائی آرمڈ فورسز پہنچنے پر فوجی دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے وزیراعظم کے دفتر اور وزیرِ دفاع دوم یانگ بیرہورمت پہن داتو لیلراجا میجر جنرل (ر) داتو پدوکا سری آونگ حاجی حل بی بن حاجی محمد یوسف اور رائل برونائی آرمڈ فورسز کے کمانڈر میجر جنرل داتو پدوکا سری حاجی محمد حضائمی بن بول حسن سے علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی وفد افغان طالبان سے مذاکرات کیلئے استنبول روانہ، خواجہ آصف

مزید برآں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے موعرہ نیول بیس پر کے ڈی بی دارالامان اور ڈیفنس اکیڈمی رائل برونائی آرمڈ فورسز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ’’پاکستان کا علاقائی امن و استحکام میں کردار‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا اور 19 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ و افسران سے تبادلۂ خیال بھی کیا۔

Scroll to Top