اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر اور سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے یومِ شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں شہداء جموں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزادی کی فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا احترام کرے اور کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو تسلیم کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’سفیرِ کشمیر‘‘ سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جس جرات اور دلیری کے ساتھ عالمی فورمز، خصوصاً اقوامِ متحدہ میں کشمیری عوام کا مقدمہ پیش کیا، اس سے تحریکِ آزادیِ کشمیر کو نئی روح ملی۔ عمران خان کی بے خوف قیادت نے کشمیریوں کے حوصلے بلند کیے اور دنیا کے سامنے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں: جموں میں انسانی تاریخ کا بدترین قتل عام ہوا،وزیراعظم آزاد کشمیر
سابق وزیر اعظم نے بھارتی جیلوں میں قید حریت رہنماؤں مسرت عالم بٹ، یسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی سمیت تمام اسیرانِ حریت کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک جعلی مقدمے میں یسین ملک کو پھانسی کی سزا دینا چاہتا ہے، لیکن کشمیری قوم ان کی جرات اور استقامت کو سلام پیش کرتی ہے۔ ’’ہم ہر بین الاقوامی فورم پر یسین ملک کا مقدمہ لڑیں گے‘‘، سردار عبدالقیوم نیازی نے عزم ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں کے تین لاکھ مسلمانوں نے سبز ہلالی پرچم کی محبت میں اپنی جانیں قربان کیں۔ آج بھی سرینگر کے بہادر کشمیری سبز ہلالی پرچم کو سینے پر سجائے بھارتی فوج کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام الحاقِ پاکستان کی منزل حاصل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 6 نومبر 1947 ،وہ دن جب جموں کی زمین لاکھوں مسلمانوں کے خون سے رنگین ہوئی
سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ تحریکِ آزادیِ کشمیر کے زعماء آج بھی اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔




