حویلی، طلباء کا انٹرنیٹ ، موبائل نیٹ ورک سروسز بحالی کا مطالبہ

اسلام آباد (کشمیر ڈیجٹل)اسلام آباد میں مقیم کشمیری طلبہ نے حق کی آواز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ضلع حویلی کہوٹہ میں نیٹ ورک سروسز کی ناقص کارکردگی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

طلبہ نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ڈسٹرکٹ حویلی میں مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہے، جس کی وجہ سے یونیورسٹیوں، کالجز اور اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

طلبہ رہنماؤں سید علی گیلانی، محمد علی سید، ساجد توفیق گیلانی اور دیگر نے کہا کہ حویلی جیسے پسماندہ ضلع میں مواصلاتی سہولیات کی کمی تعلیمی نظام کے لیے بڑا چیلنج بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ “آج دنیا ڈیجیٹل ترقی کی دوڑ میں آگے بڑھ چکی ہے، مگر افسوس کہ ضلع حویلی کے لوگ اب بھی رابطوں کے بنیادی حق سے محروم ہیں۔”

رہنماؤں نے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر سے پرزور مطالبہ کیا کہ ضلع حویلی میں صرف اس کام ایس سی او پر انحصار ختم کیا جائے

تمام نیٹ ورک سروسز جاز، زونگ، ٹیلی نار اور یو فون کو بھی فعال کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولت میسر ہو سکے۔

طلبہ نے مزید کہا کہ آن لائن تعلیم، ای-لرننگ، تحقیق اور امتحانات کے لیے انٹرنیٹ اور نیٹ ورک کی سہولت لازمی ہے،

مگر موجودہ حالات میں طلبہ کو نہ صرف پڑھائی بلکہ اپنے خاندان سے رابطے میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے۔

انہوں نے عوامی ایکشن کمیٹی حویلی کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “ہم اس کمیٹی کے مشکور ہیں جنہوں نے نیٹ ورک کے مسئلے کواجاگر کیا اور حکام تک آواز پہنچائی۔”

اسلام آباد میں طلبہ نے اعلان کیا کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے اور ضلع حویلی میں تمام نیٹ ورک بحال نہیں کیے جاتے،پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

آخر میں طلبہ نمائندوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ جدید تقاضوں کے مطابق ضلع حویلی کو بھی ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرے تاکہ یہاں کے طلبہ دیگر علاقوں کے ہم پلہ ترقی کر سکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:تحریک غیر سیاسی ،وزیراعظم انوار الحق جاتے ہوئے نظر نہیں آرہے،شوکت نواز میر

Scroll to Top