پراڈا کا مہنگا سیفٹی پن: عام سی چیز نے سب کے ہوش اڑا دیے

فیشن کی دنیا میں حیران کن رجحانات سامنے آتے رہتے ہیں، مگر اس بار عالمی لگژری برانڈ پراڈا (Prada) نے ایک ایسی سادہ چیز کو مہنگے ترین انداز میں پیش کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔

یہ چیز دراصل میٹل سیفٹی پن ہے، جو عام طور پر کپڑوں کو جوڑنے یا ساتھ رکھنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ عام دکانوں پر یہ سیفٹی پن چند روپے میں باآسانی دستیاب ہوتی ہے اور تقریباً ہر خاتون کے بیگ میں موجود ہوتی ہے، لیکن پراڈا نے اسی سیفٹی پن کو 775 امریکی ڈالر (تقریباً 2 لاکھ پاکستانی روپے) کی بھاری قیمت کے ساتھ متعارف کرایا ہے۔

سیفٹی پن میں خاص کیا ہے؟

پراڈا کے پیش کردہ اس سیفٹی پن میں نہ کوئی قیمتی پتھر جڑا ہے اور نہ ہی کوئی پیچیدہ ڈیزائن شامل ہے۔ یہ محض ایک سادہ سا سنہری رنگ کا پن ہے جس کے گرد چند رنگین دھاگے لپٹے ہوئے ہیں، اور اس پر ایک چھوٹا سا پراڈا چارم لگا ہوا ہے۔ عموماً لگژری برانڈز کے بروچز یا فیشن ایکسیسریز قیمتی جواہرات سے مزین ہوتے ہیں، مگر اس مہنگے سیفٹی پن کی اصل پہچان صرف پراڈا کے نام کی وجہ سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رانو ریچھ کراچی سے اسلام آباد منتقلی کے لیے روانہ

سوشل میڈیا پر طنز اور ردِعمل:اس انوکھے پروڈکٹ نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی ہے۔ انسٹاگرام فیشن انفلوئنسر بلیک سوان ساژی (Black Swan Sazzy) نے ایک ریل پوسٹ کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا: “میں ایک بار پھر امیروں سے پوچھوں گی کہ آپ اپنے پیسوں کے ساتھ واقعی کیا کر رہے ہیں؟ ایسے پیسوں کے ساتھ کچھ اور کیا جا سکتا تھا۔”

یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کا 27ویں آئینی ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کرنے کا فیصلہ

اس ویڈیو کے بعد صارفین کی جانب سے تبصروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ کئی صارفین نے کہا کہ یہ قیمت ایک عام سی چیز کے لیے غیر ضروری ہے۔ ایک صارف نے لکھا:”میں یہ خود بھی بنا سکتی تھی، پراڈا کا چمکتا ہوا حصہ نہ ہو تو بھی یہ بن سکتا تھا۔”

اس غیر معمولی قیمت نے نہ صرف عوام کو حیران کیا بلکہ فیشن انڈسٹری میں بھی بحث چھیڑ دی کہ آیا برانڈ ویلیو ہی کسی چیز کو قیمتی بناتی ہے یا اس کی اصل افادیت۔

Scroll to Top