اسلام آباد:یومِ شہدائے جموں پر آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ ’’کشمیر ہمارے خوابوں کی تعبیر‘‘ ریلیز کردیا گیا۔
تفصیلا ت کے مطابق آئی ایس پی آر کا جاری کردہ نغمہ اہلِ کشمیر کی قربانیوں، عزم اور پاکستان سے وفا کی لازوال داستان ہے۔
نغمہ میں معصوم کشمیریوں کی شہادتوں اور وفا کی داستانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔6 نومبر کے سانحۂ جموں سے لے کر آج تک اہلِ کشمیر نے آزادی کی خاطر اپنے لہو سے تاریخ سینچی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان کا یوم آزادی آج ، آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ’’پاکستان کی شان گلگت بلتستان‘‘ریلیز
نغمہ ظلم کے اندھیروں میں اُمید اور آزادی کی روشنی کا واضح پیغام ہے ۔کشمیر کے بہادر عوام کا پاکستان سے رشتہ، عہدِ وفا اور قربانیوں کو نغمہ میں اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمہ کا ہر بول کشمیریوں کے جذبۂ حریت اور استقامت کی ترجمانی کرتا ہے۔
کشمیریوں کی قربانیاں تاریخ کی روشن حقیقت اور عزم و استقلال کا پیغام ہیں۔ آج بھی کشمیر کے بہادر لوگ اس عہد پر قائم ہیں کہ ان کی منزل پاکستان اور ان کا مقدر آزادی ہے۔
یاد رہے کہ 6نومبر یوم شہدائے جموں بھارت کے وحشیانہ مظالم کا نشانہ بننے والے معصوم کشمیریوں کو یاد کرنے کا دن ہے، نومبر 1947 مسلمانوں کے قتل عام کی المناک کہانی جس پر تاریخ بھی شرمسار ہے ۔
اس روز مہاراجہ ہری سنگھ کی سفاک سپاہ اور آر ایس ایس کے مسلح جتھوں نے پاکستان ہجرت کرنے والے اڑھائی لاکھ کشمیری مسلمانوں کا قتل عام کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’’قوم کے شہیدوں تمہیں سلام‘‘ آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ جاری
پاکستان ہجرت کرنے والے کشمیری مسلمانوں پر بلوائیوں نے گھات لگا کر نہ صرف حملے کئے بلکہ گھر اور دیہات تک نذر آتش کر دیئے۔نومبر 1947 میں مسلمانوں کے خلاف صرف جنگ نہیں کی بلکہ ریاستی سرپرستی میں منظم نسل کشی بھی کی گئی۔
جنت نظیر کہلانے والی مقبوضہ کشمیر کی وادی کو آج بھی غاصب بھارت نے راکھ اور بارودکی نذر کر دیاہے ۔
بھارت کے پر تشدد مظالم کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی، مقبوضہ وادیِ کشمیر آج بھی بھارتی افواج کے مظالم کے باوجود آزادی کی شمع روشن کئے ہوئے ہے۔




