اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) سونے کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مقامی اور عالمی مارکیٹ دونوں میں قیمتوں کا گراف نیچے آگیا ہے، جس سے سرمایہ کار طبقہ اور خریدار دونوں پر اثر پڑا ۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 500 روپے کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ تازہ نرخوں کے مطابق فی تولہ سونا 3 ہزار 500 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 20 ہزار 362 روپے کا ہوگیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کا بھاؤ بھی 3 ہزار 1 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 60 ہزار 392 روپے رہ گیا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 35 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی اونس سونا 3 ہزار 980 ڈالر پر آگیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال، ڈالر کے اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کے بدلتے رجحانات نے سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر ڈالا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران عالمی مارکیٹ میں سونا مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی و مقامی مارکیٹوں میں اضافہ، فی تولہ سونا 4 لاکھ 19 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا
اگر ہم گزشتہ روز (3 نومبر) کی صورتحال دیکھیں تو اس وقت سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا تھا۔ اس وقت آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 1,300 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 23 ہزار 862 روپے کا ہو گیا تھا۔ اسی طرح 10 گرام سونا 1,115 روپے کے اضافے کے بعد 3 لاکھ 63 ہزار 393 روپے میں فروخت ہوا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: 1500 روپے پرائز بانڈ رکھنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی!
صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں یہی رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں معمولی بہتری اور سرمایہ کاروں کی جانب سے دیگر ذرائع میں سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان کے باعث قیمتی دھات کی طلب میں وقتی کمی آئی ہے۔




