خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور اس کے گردونواح کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق باجوڑ، سوات، مردان، ملاکنڈ، مہمند اور چارسدہ کے علاقوں میں بھی زمین لرزنے کے آثار دیکھے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 3.6 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان میں واقع تھا۔
افغانستان کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ جرمن جیو فزیکل ریسرچ سینٹر کے مطابق افغانستان کے ہندوکش خطے میں 6.3شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کی شدت معمولی سے درمیانی رہی اور ابھی تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: استنبول سمیت ترکیہ کے کئی شہروں میں6.1شدت کازلزلہ، متعدد عمارتوں کو نقصان
مقامی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور کئی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی مزید شدت یا بعد کے جھٹکوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خبروں اور حکومتی اعلانات پر نظر رکھیں اور بلاوجہ گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
یاد رہے کہ یکم ستمبر کو افغانستان میں آنیوالے زلزلے میں20افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ جھٹکے کے پی کے اضلاع میں بھی محسوس کئے گئے تھے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی تھی جس کا مرکز صوبہ ننگرہار کے شہر جلال آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 8 کلو میٹر بتائی گئی تھی۔




