دل

یہ چھوٹا سا راز جس میں آپ کے دل کی حفاظت پوشیدہ ہے!نئی تحقیق میں حیران کن انکشاف

آسٹریلیا میں ہونے والی ایک تازہ طبی تحقیق میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ سورج کی روشنی سے حاصل ہونے والا وٹامن ڈی نہ صرف ہڈیوں بلکہ دل کی صحت کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے ۔

تحقیق کے مطابق جن افراد کے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی پائی جاتی ہے ، ان میں دل کی شریانوں کے امراض اور ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ دوگنا یا اس سے زیادہ ہوتا ہے ۔

ماہرین نے بتایا کہ اگرچہ شدید کمی بہت کم لوگوں میں دیکھی جاتی ہے ، مگر معمولی یا معتدل کمی بھی دل کی صحت پر منفی اثر ڈال سکتی ہے ۔

خاص طور پر وہ لوگ جو زیادہ تر وقت گھر یا بند جگہوں میں گزارتے ہیں اور سورج کی روشنی میں کم نکلتے ہیں ، وٹامن ڈی کی کمی کے زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:موبائل فون کا استعمال بچوں کی نظر کیلئے نقصان دہ،خطرناک بیماری کا خدشہ

محققین نے کہا کہ معتدل کمی کی روک تھام دل کو نقصان پہنچنے سے بچانے کے لیے ضروری ہے ، خاص طور پر ایسے افراد کے لیے جو باہر سورج میں زیادہ وقت نہیں گزارتے ۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ دل کی بیماریوں کے عالمی بوجھ کو کم کرنے کے لیے وٹامن ڈی کے مناسب لیول کو برقرار رکھنا بہت اہم ہے ۔

ان کے مطابق مچھلی، انڈے اور فورٹیفائیڈ غذائیں وٹامن ڈی کے چند ذرائع ضرور ہیں لیکن خوراک کے ذریعے وٹامن ڈی کی کمی کو مکمل طور پر پورا کرنا مشکل ہے ۔

طبی ماہرین نے مشورہ دیا کہ سورج کی روشنی وٹامن ڈی حاصل کرنے کا سب سے آسان، قدرتی اور مفت ذریعہ ہے ۔ اگر کسی شخص کے لیے روزانہ سورج میں وقت گزارنا ممکن نہ ہو، تو اسے وٹامن ڈی کے سپلیمنٹس لینے چاہئیں تاکہ دل اور ہڈیوں کی صحت برقرار رہے ۔

Scroll to Top