راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل)کمشنر پونچھ ڈویژن چوہدری مختار حسین نے محکمہ برقیات کے فنی ملازمین کے وفد سے ملاقات کی جو دس دن سے اپنے مطالبات حل کیلئے کام چھوڑ ہڑتال پر تھے ۔۔
کمشنر پونچھ ڈویژن نے ان کے مطالبات تفصیل سے سنے اور کچھ فوری نوعیت کے مسائل موقع پر حل کر دیئے گئے جبکہ دیگر مطالبات کے حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردیں ۔
علاوہ ازیں جو سیکریٹریٹ اور پالیسی وضع کرنے کی بابت تھے ان پر ملازمین کو یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
ان کے بارے میں واضح سفارشات حکام بالا کو ارسال کی جائیں گی اور ان کی پیروی بھی کی جائے گی ۔
ترجمان کمشنر آفس کے مطابق کمشنر پونچھ ڈویژن کی یقین دہانی کے بعد فنی ملازمین نے اپنی ہڑتال ختم کر دی ہے۔
ہڑتال کے خاتمے سے عوام کو درپیش بجلی سے متعلق مشکلات دور ہوں گی کمشنر پونچھ ڈویژن نے کہا کہ انتظامیہ تمام محکموں کے مسائل باہمی مشاورت سے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے تاکہ عوامی سہولت اور ادارہ جاتی نظم برقرار رہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیپروں کی ای مارکنگ، میرپور بورڈ نے ہونہار طالبعلم کی جان لے لی




