وزیراعظم انوارالحق حادثے کی پیداوار، سرکاری وسائل پرانتخابی مہم چلارہے ہیں، طارق فاروق

چکسواری( کشمیر ڈیجیٹل)مسلم لیگ(ن)آزادکشمیرکے جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ چوہدری انوارالحق حادثہ کی پیداوارہیں اورحادثہ کیسے رونماہوایہ سردارتنویرالیاس نے بتادیاہے ،بیرسٹرسلطان بھی اچھی طرح جانتےہیں کہ یہ حادثہ کیوں رونماہوا ۔

چکسواری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طارق فاروق نے کہا کہ جنہوں نے انوارالحق کووزیراعظم بنایاآج وہ بھی تنگ ہیں ۔وزیر اعظم کبھی دو ہفتوں اور کبھی ایک ماہ کا وقت دیتے ہیں ٹانگیں وہی کھینچ رہے ہیں جو ان کو لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیرسرکاری وسائل پرانتخابی مہم چلارہے ہیں۔ وزراءہاتھ بندھے غلام ہیں جنہوں نے وزیراعظم کی تعریفیں ہی کرنی ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیرمیں تحریک انصاف کودوبارہ زندہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مظفرآبادمیں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاریاں نوراکشتی ہے جو منصوبہ بندی سے کی گئیں،انوارالحق نے عمران خان سے رابطے نہیں توڑے ۔وفاقی حکومت نے فنڈزفراہم کئے مگرانوارالحق کام نہیں کرسکے اب بہانے بنارہے ہیں

انہوں نے کہا کہ بھمبرمیں دانش سکول کاکریڈٹ مسلم لیگ(ن) کوجاتاہے ۔آزادکشمیرکے عوام باشعورہیں ۔آمدہ انتخابات میں ن لیگ ہی جیتے گی، کارکنوں کی مشاورت سے چکسواری سے امیدوار نامزد کرینگے، انتخابات کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top