اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا ہےکہ 31 اکتوبر 2025 تک کل 59 لاکھ ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے جا چکے ہیں جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران جمع کرائے گئے 50 لاکھ ریٹرنز کے مقابلے میں 17.6 فیصد زیادہ ہے۔
ایف بی آر اعلامیے کے مطابق سال 2025 کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو رضاکارانہ تعمیل اور عوامی آگاہی کے نئے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
ایف بی آر نے بتایاکہ 31 اکتوبر 2025 تک کُل 59 لاکھ ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے جا چکے ہیں جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران جمع کرائے گئے 50 لاکھ ریٹرنز کے مقابلے میں 17.6 فیصد زائد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں 15دن کی توسیع
ان میں سے 36 لاکھ ٹیکس دہندگان نے اپنے ریٹرنز کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی بھی کی جو پچھلے سال کے مقابلے میں 18.6 فیصد اضافہ ہے۔
انفرادی ٹیکس دہندگان کی جانب سے گزشتہ سال کے مقابلے میں ادا کیا گیا ٹیکس 60 ارب روپے سے بڑھ کر 69 ارب روپے ہو گیا جو کہ 15 فیصد اضافہ ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ موجودہ اعداد و شمارجمعہ کی شام 7 بجے تک کے ہیں ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ سال 19لاکھ ٹیکس ریٹرن کے ساتھ کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا گیا تھا اس سال یہ تعداد 22لاکھ40ہزار ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز31اکتوبر کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی ، 15اکتوبر کو ایف بی آر کی طرف سے 15دن کی توسیع کی گئی تھی۔
ابھی تک یہ کلیئر نہیں کہ ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع کی جائیگی یا نہیں یہ فیصلہ ایک دو دن میں ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس ہدف کے مطابق کیا جائیگا۔
یہ بھی یاد رہے کہ مالی سال 26-2025کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا ریونیو ہدف 14 ہزار 305 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔




