عمرہ ویزا پالیسی میں بڑی تبدیلی،30دن میں سعودی عرب آنا ضروری قرار

ریاض:سعودی وزارت حج عمرہ ویزے سے متعلق نئی تبدیلی کرنے جا رہی ہے۔ ویزہ جاری کرانے کے بعد 30 دن کے اندر مملکت آنا ضروری ہے بصورت دیگر ویزہ منسوخ ہو جائیگا۔

العربیہ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزارت حج وعمرہ کی جانب سے ویزہ پالیسی میں کی جانے والی تبدیلیوں پرعمل درآمد آئندہ ہفتے سے کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں عمرہ ویزے کی مدت 3 ماہ ہوتی تھی، ویزا جاری ہونے کے 90 دن تک کارآمد رہتا تھا۔

اس دوران مملکت کا سفر کیا جا سکتا تھاتاہم نئی تبدیلی کے بعد ویزہ کی مدت تین ماہ سے کم کر کے 30 دن کی جا رہی ہے۔

عمرہ زائرین کے مملکت آنے کے بعد قیام کی انتہائی مدت تین ماہ ہی رہے گی، اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمرہ سیزن کے5ماہ میں 40 لاکھ ویزے جاری، پاکستانی سرفہرست

العربیہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کمیٹی برائے عمرہ کے مشیر احمد باجعیفر کا کہنا تھا کہ عمرہ ویزے کی مدت کے حوالے سے جاری ہونے والے ضوابط کا آغاز آئندہ ہفتے تک ہو گا۔

اس کا مقصد حرمین شریفین میں غیرمعمولی ازدحام پر قابو پانا اور ان دونوں مقدس شہروں کی گنجائش کے مطابق زائرین کو عمرہ ویزے کا اجرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ان دنوں مملکت کا موسم بتدریج بہتر ہو رہا ہے۔ ایک ہی وقت خاص کر رمضان میں بڑی تعداد میں عمرہ زائرین کی متوقع آمد، مکہ اور مدینہ میں رہائشی، ٹرانسپورٹیشن اور دیگر سہولتوں میں گنجائش کو دیکھتے ہوئے ویزوں کی مدت کو کم کیا گیا ہے تاکہ مقررہ غیر معمولی ازدحام پر قابو پایا جائے۔

بعض ممالک سے آنے والے زائرین عمرہ ویزہ دو یا تین ماہ قبل جاری کرا لیتے تھے۔ آخری دنوں میں مملکت آتے تھے، حرمین شریفین میں خاص طور پر رمضان کے دوران ازدحام دیکھنے میں آتا تھا۔

واضح رہے رواں برس عمرہ سیزن کا آغاز حج کے فوری بعد جون 2025 میں کردیا گیا تھا۔ مختصر مدت کے دروان عمرہ زائرین کی آمد میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا، محض پانچ ماہ کے دوران 40 لاکھ عمرہ ویزے جاری کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کسی بھی ویزے پر آنے والے اب عمرہ ادا کرسکیں گے: سعودی حکومت کااعلان

عمرہ سیزن کے دوران پاکستان سے آنے والے عمرہ زائرین سرفہرست رہے جبکہ دوسرے نمبر پر انڈونیشیا کے زائرین رہے۔ تیسرے نمبر پر انڈیا، پھر عراق کے زائرین رہے، پانچواں نمبر مصر کا رہا۔

وزارت حج وعمرہ نے بیشتر ممالک کے لیے نسک پورٹل پر عمرہ ویزے کی سہولت بھی شروع کر رکھی ہے جس کے ذریعے یورپی ممالک سے آنے والے زائرین اپنی مرضی کا عمرہ پیکیج باآسانی حاصل کرسکتے ہیں۔

عمرہ کے لیے آنے والے بیشتر زائرین جدہ یا براہ راست مدینہ آتے ہیں جس کے بعد وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے ٹرین یا بسوں کے ذریعے مکہ روانہ ہو جاتے ہیں۔

Scroll to Top