مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ تعلیم کالجز (سیکنڈری ایجوکیشن) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دوران تدریس کلاس روم میں موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ۔
نوٹیفکیشن نمبر E-SL-24/102 مورخہ 27 اکتوبر 2025 کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اساتذہ کرام کلاس روم میں تدریسی عمل کے دوران موبائل فون استعمال نہیں کریں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تدریسی سرگرمیوں کے دوران موبائل فون کے استعمال سے تعلیمی ماحول متاثر ہوتا ہے اور طلبہ کی توجہ پڑھائی سے ہٹ جاتی ہے۔۔
لہٰذا اساتذہ سے توقع کی گئی ہے کہ وہ دورانِ تدریس اپنے موبائل فون بند رکھیں یا کلاس روم سے باہر استعمال کریں۔محکمہ تعلیم نے تمام پرنسپلز اور متعلقہ تعلیمی سربراہان کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔۔
خلاف ورزی کی صورت میں تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید کہا گیا ہے کہ تدریسی عمل ایک مقدس فریضہ ہے جس میں اساتذہ کی تمام تر توجہ طلبہ کی تعلیم و تربیت پر مرکوز ہونی چاہیے۔
اس حکم نامے کی نقول سیکریٹری تعلیم کالجز، ڈائریکٹر کالجز، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، اور متعلقہ اداروں کو ارسال کی گئی ہیں تاکہ تمام تعلیمی اداروں میں اس ہدایت پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ناگالینڈ: علیحدگی کی تحریک زور پکڑ گئی، بھارتی حکومت کی مشکلات میں اضافہ




