گیونگجو (جنوبی کوریا): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایک “زبردست فائٹر” قرار دیا۔ انہوں نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی قیادت قابلِ ستائش ہے۔
یہ بیان انہوں نے جنوبی کوریا میں منعقدہ اپیک سی ای او سمٹ کے ظہرانے کے دوران دیا۔ ٹرمپ نے کہا: “پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بہت اچھے آدمی ہیں، اور فیلڈ مارشل بہت زبردست فائٹر ہیں۔”
پاک بھارت کشیدگی میں ٹرمپ کا کردار:
ٹرمپ نے بتایا کہ اس وقت پاکستان اور بھارت آپس میں لڑائی پر اتر آئے تھے۔ جنگ میں سات طیارے مار گرائے گئے۔ اُن کے مطابق یہ واقعہ بہت اہم تھا کیونکہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں۔
انہوں نے کہا: “میں نے وزیراعظم مودی کو فون کر کے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ تجارتی معاہدہ نہیں کر سکتے کیونکہ آپ پاکستان کے ساتھ جنگ کر رہے ہیں۔ پھر میں نے پاکستان کو بھی فون کیا کہ ہم تمہارے ساتھ بھی تجارت نہیں کریں گے کیونکہ تم بھارت سے لڑ رہے ہو۔”
فون کالز کے بعد کشیدگی ختم:
ٹرمپ کے مطابق، دو دن کے اندر دونوں ممالک نے فون کر کے کہا کہ ہم سمجھ گئے اور لڑائی بند کر دی۔ ٹرمپ نے کہا: “کیا یہ حیرت انگیز نہیں؟ کیا بائیڈن ایسا کرسکتے تھے؟ مجھے بہت اچھا لگا کیونکہ ہم نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچا لیں۔”
ٹیکس دھمکی اور جنگ کا خاتمہ:
امریکی صدر نے بتایا کہ اگر جنگ نہ رکتی تو وہ پاکستان اور بھارت پر 250 فیصد ٹیکس لگا دیتے۔ انہوں نے کہا: “250 فیصد ٹیکس کا مطلب ہے کہ تم کبھی کاروبار نہیں کر سکو گے۔ اس کے بعد صرف 48 گھنٹوں میں جنگ ختم ہو گئی۔”
ٹرمپ کی تعریف اور عالمی اثر:
ٹرمپ نے آخر میں کہا: “یہ سب کچھ کرنے کے بعد لاکھوں لوگوں کی جانیں بچ گئیں، اور مجھے اس پر بہت خوشی ہوئی۔” اُن کے اس بیان نے پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو عالمی سطح پر اجاگر کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری حج اسکیم 2026: واجبات کی قسط وصولی کا شیڈول جاری




