atta tarar

استنبول مذاکرات ناکام،پاکستان کا دہشتگردوں وسہولت کاروں کونیست ونابود کرنے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان استنبول میں مذاکرات ناکام ہوگئے جس پروفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطااللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کردیا ہے۔

4 روزہ مذاکرات کے بعد عطا تارڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بات چیت میں قابل عمل حل نہیں نکالا جاسکا۔طالبان نے شواہد کے باوجود سرحد پاردہشت گردی روکنے کی کوئی ضمانت نہ دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان طالبان سے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج (TTP) اور فتنہ الہند (BLA) کی سرحد پار دہشت گردی پر بارہا احتجاج کیا، پاکستان نے مذاکرات میں افغان طالبان حکومت سے دوحہ معاہدے کے تحریری وعدوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا۔

عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ افغان طالبان کی جانب سے پاکستان مخالف دہشتگردوں کی مسلسل حمایت پر پاکستان کی کوششیں بے سود رہیں،طالبان حکومت افغان عوام کی نمائندہ نہیں اور اپنی بقا کیلئے جنگی معیشت پر انحصار کرتی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ڈائیلاگ میں سہولت فراہم کرنے پر قطر اور ترکیہ سے اظہار تشکر کیا اور اس بات پر بھی دونوں ممالک کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے افغان طالبان رجیم کو دہشتگرد پراکیسز پاکستان کیخلاف لیوریج کے طور پر استعمال کرنے سے باز رکھنے کیلئے قائل کرنےکی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: 5 سے 6 بار معاہدے پر اتفاق ہوا، کابل کی ہدایت پروفد پیچھے ہٹ گیا، خواجہ آصف

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے عوام کے امن و خوشحالی کے لیے قربانیاں پیش کیں، پاکستان نے افغان طالبان کے ساتھ متعدد مذاکرات کیے مگر افغان فریق نے پاکستان کے نقصانات سے بے نیازی دکھائی، چار برسوں کی جانی و مالی قربانیوں کے بعد پاکستان کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوحہ اور استنبول میں مذاکرات کا واحد ایجنڈا دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکنا تھا، مذاکرات کے دوران افغان طالبان وفد نے پاکستان کے منطقی اور جائز مطالبات تسلیم کئے مگر ذمہ داری قبول کرنے سے گریز کیا۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان نے الزام تراشی، ٹال مٹول اور حیلے بہانوں کا سہارا لیا اور مذاکرات کسی قابلِ عمل نتیجے پر نہ پہنچ سکے۔ پاکستان کے عوام کی سلامتی قومی ترجیح ہے اور حکومت دہشگردی کے خلاف ہر ممکن اقدام کرتا رہے گا۔

وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ حکومت پاکستان دہشت گردوں، ان کے ٹھکانوں اور سہولت کاروں کو نیست و نابود کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

Scroll to Top