کراچی: پاکستان نے آئندہ دو روز یعنی 28 اور 29 اکتوبر کو مخصوص اوقات کے لیے اپنی فضائی حدود بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی نیوز چینل کے مطابق پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی نے اس سلسلے میں تمام ائیر لائنز اور ایوی ایشن کمپنیوں کو نوٹم جاری کیا ہے جس میں آئندہ دو روز کے دوران فضائی حدود بند رکھنے کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ممکنہ طور پر پاکستان کی سرحد کے قریب بھارتی فوجی مشقوں کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ فضائی حدود میں کسی قسم کے خطرات سے بچا جا سکے۔
پی اے اے کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق 28 اور 29 اکتوبر کو صبح 6 بجے سے 9 بجے تک فضائی حدود بند رہیں گی۔ نوٹم میں واضح کیا گیا ہے کہ اس دوران کمرشل پروازوں کے لیے احتیاطی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں اور یہ فضائی حدود دونوں دنوں میں تین تین گھنٹے کے لیے بند رہیں گی۔
مزید برآں، نوٹم میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور لاہور فلائٹ ریجن کے مخصوص روٹس اس دوران کمرشل پروازوں کے لیے بند رہیں گے، جس کے سبب مسافروں اور ایوی ایشن کمپنیوں کو اپنے فلائٹس کے شیڈول میں ممکنہ تبدیلیوں کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ اقدامات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں کہ فضائی حدود میں تمام پروازیں محفوظ رہیں اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔ پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی کی طرف سے جاری نوٹم میں پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کے حوالے سے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت بھی شامل کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: استنبول مذاکرات، افغان طالبان اور بھارت کا کٹھ جوڑ کھل کر سامنے آ گیا، اعلیٰ سیکیورٹی ذرائع
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ تمام ائیر لائنز اور مسافر اپنی پروازوں کے شیڈول میں کسی بھی تبدیلی کے لیے نوٹم اور متعلقہ معلومات پر نظر رکھیں تاکہ سفری منصوبے متاثر نہ ہوں۔




