آزادکشمیر اسمبلی

آزادکشمیر اسمبلی،10وزراء کی شمولیت، پیپلزپارٹی نے سادہ اکثریت حاصل کر لی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی اب سب سے بڑی سیاسی جماعت بن چکی ہے ۔ پارٹی کے پاس اب 27ممبران ہیں جو کسی بھی وقت موجودہ وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لا سکتے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی آزادکشمیر کی سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور سے بیرسٹر گروپ کے5وزرا یاسر سلطان، چوہدری ارشد، چوہدری اخلاق، چوہدری رشید اور سردار محمد حسین نے ملاقات کی اور شمولیت کا اعلان کیا۔

بعدازاں ماجد خان، فہیم ربانی، اکبر ابراہیم اور عاصم شریف بٹ نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی پی پی امیدوار کو ووٹ دینے کی یقین دہانی کرائی ۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر برائے ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں باقاعدہ طور پر پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا اور پارٹی کی سینئر رہنما محترمہ فریال تالپور سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سینئر رہنما چوہدری محمد ریاض بھی موجود تھے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا وقت اور مقام چوتھی بار تبدیل

محترمہ فریال تالپور نے نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کی شمولیت سے آزاد جموں و کشمیر میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی ۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پارٹی ہمیشہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی حقیقی نمائندہ رہی ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیپلزپارٹی سی ای سی کا حکومت کو ایک ماہ کا الٹی میٹم، آزادکشمیر میں اہم سیاسی کردار ادا کرنیکا فیصلہ

نئے شامل ہونے والے رہنماؤں نے بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور پی پی پی کے جمہوریت، ترقی اور عوامی خدمت کے مشن کو آزاد جموں و کشمیر میں آگے بڑھانے کا عہد کیا ۔

Scroll to Top