واٹس ایپ کا نیا اے آئی فیچر، صرف الفاظ لکھیں اور خودکار تصویریں بنائیں

میٹا کی زیرِ ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے نیا انقلابی فیچر متعارف کرادیا ہے جس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، واٹس ایپ نے 2025 میں اپنی سروسز کو مزید جدید اور دلچسپ بنانے کے لیے ایک نیا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے چلنے والا فیچر متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو محض چند الفاظ لکھ کر دلکش تصویریں تیار کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

صارفین کو صرف ایک جملہ یا وضاحتی عبارت لکھنی ہوگی، مثال کے طور پر “سورج غروب ہو رہا ہے” یا “رات کا روشن آسمان”، اس کے بعد واٹس ایپ خودبخود اس تھیم سے مطابقت رکھنے والی تصاویر تیار کر دے گا۔

اے آئی فوراً ہی ان الفاظ کے مطابق کئی تصویریں تیار کر دیتا ہے، جنہیں فوری طور پر اسٹیٹس پر شیئر کیا جا سکتا ہے۔ اس فیچر میں صارفین مختلف تخلیقی تصاویر میں سے اپنی پسند کی تصویر منتخب کر سکتے ہیں اور چاہیں تو ان میں ایموجی، اسٹیکرز یا عبارت بھی شامل کرسکتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر صارف بنائی گئی تصویر میں کوئی تبدیلی کرنا چاہے تو واٹس ایپ نے “ایڈیٹ امیج” (Edit Image) کا آپشن بھی فراہم کیا ہے، جس کے ذریعے تصویر کو پوسٹ کرنے سے پہلے بہتر یا حسبِ ضرورت ایڈٹ کیا جا سکتا ہے۔ فی الحال یہ نیا فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے محدود صارفین کے لیے دستیاب ہے، تاہم کمپنی کے مطابق جلد ہی یہ سہولت تمام صارفین تک پہنچا دی جائے گی۔

یہ فیچر واٹس ایپ میں Meta AI کے تحت متعارف کیا گیا ہے جو صارف کے ٹائپ کیے گئے الفاظ کی بنیاد پر تصویر بناتا ہے۔ صارفین Meta AI چیٹ یا کسی بھی انفرادی و گروپ چیٹ میں صرف وہ جملہ لکھ کر تصویر حاصل کر سکتے ہیں۔ تیار کردہ تصاویر کو صارفین ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے “Download” آپشن دیا گیا ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق، یہ فیچر فی الحال صرف مخصوص زبانوں — جیسے انگریزی، عربی، فرانسیسی، جرمن، ہندی، ہسپانوی، اطالوی، پرتگالی، انڈونیشین، تھائی، ویتنامی اور ٹیگالوگ — میں دستیاب ہے۔ میٹا نے واضح کیا ہے کہ یہ فیچر پرائیویسی پالیسی اور AI Terms of Service کے مطابق استعمال ہوگا، جبکہ صارفین اپنی Meta AI چیٹس یا شیئر کی گئی معلومات حذف کرنے کا بھی اختیار رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا فیس جمع کرانے کا طریقہ تبدیل؛ نیا پلان سامنے آگیا

Scroll to Top