وزیراعظم

وزیراعظم کا پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے اعزاز میں پُر تکلف عشائیہ، کرکٹ کو عوامی رابطوں کا ذریعہ قرار دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم اور جنوبی افریقہ کی مہمان ٹیم کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا گیا ۔

تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ سمیت پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداران بھی شریک تھے ۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان سے خوشگوار گفتگو کی ۔

وزیراعظم نے جنوبی افریقی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دیرینہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں، اور کرکٹ ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ جاری کرکٹ سیریز دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے مضبوط رشتے اور باہمی احترام کی عکاسی کرتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے دنیا کو عظیم کرکٹرز دیے ہیں جبکہ پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی اپنی شاندار کارکردگی سے وطن عزیز کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف سےقطری وزیر تجارت کی ملاقات، دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ٹیم ماضی کی طرح اس بار بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے گی ۔

انہوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ اقوام کے درمیان دوستی، بھائی چارے اور امن کے فروغ کا ذریعہ ہے ۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کرکٹ کی اصل روح، یعنی کھیل کی شفافیت، برداشت اور باہمی احترام کو برقرار رکھا جائے ۔

مزید برآں، وزیراعظم نے بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور عالمی سطح کے کھیلوں کے ایونٹس کی میزبانی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔

اس موقع پر جنوبی افریقی ٹیم کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ ایک یادگار تجربہ ثابت ہوا، اور انہیں پاکستانی شائقین کی محبت اور بھرپور حمایت سے بے حد خوشی ملی ۔

Scroll to Top