قمر زمان

آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر حتمی فیصلہ صدر زرداری کرینگے :قمر زمان کائرہ

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پارٹی آزاد کشمیر کی سیاسی صورتِ حال اور حکومت سازی سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کے لیے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرے گی ۔

اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج کے اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت ، سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت اس حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی حکومت بنائی جاتی ہے تو نمبرز پورے کیے جاتے ہیں اور سیاسی فیصلے سوچ سمجھ کر کیے جاتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں سیاسی ہلچل : پیپلزپارٹی کو حکومت بنانے کتنے ارکان کی حمایت درکا ر ہے ؟

قمر زمان کائرہ نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے فیصلے سے متعلق انہیں صرف میڈیا کے ذریعے معلومات ملی ہیں، تاہم اس بارے میں انہیں باضابطہ طور پر ابھی تک کوئی آگاہی نہیں دی گئی ۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال نہایت اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، اور پارٹی اس معاملے پر ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی مفاد اور جمہوری تسلسل کو مقدم رکھا ہے اور اس بار بھی تمام فیصلے اسی اصول کے تحت کیے جائیں گے ۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے تمام امکانات پر غور کیا جا رہا ہے اور حتمی حکمت عملی کا اعلان صدر آصف علی زرداری سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا ۔

Scroll to Top