احسن اقبال

احسن اقبال کا سیاسی وار ، 40 سال چندہ مہم چلانے والا ملک نہیں چلا سکا

لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں ایک ایسا وزیرِ اعظم بھی آیا جس نے بھارتی حملے کے جواب میں بے بسی سے کہا تھا کہ میں کیا کروں؟

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس شخص نے 40 سال صرف چندہ جمع کرنے میں گزار دئیے ، اُسے ملک کی باگ ڈور سونپ دی گئی، جس کے نتائج آج سب کے سامنے ہیں ۔

احسن اقبال نے کہا کہ جب بھی ملک کی قیادت مسلم لیگ (ن) کے ہاتھ میں آئی ، پاکستان نے ترقی اور استحکام کی راہ اختیار کی ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے چھ ایٹمی دھماکے کر کے دنیا کو حیران کر دیا ۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملکی دفاع اور وقار کو ترجیح دی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں امن کی بحالی جمہوریت اور عوام کی کامیابی ہے : احسن اقبال

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بھارتی اشتعال انگیزیوں کا بھی وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں بھرپور جواب دیا گیا ، اور دشمن کو واضح پیغام ملا کہ پاکستان کسی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج کی قربانیوں اور مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کی بدولت آج پاکستان کا پرچم دنیا بھر میں سربلند ہے ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے نہ صرف ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلائی بلکہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے صنعتی و معاشی سرگرمیوں کو بھی بحال کیا ۔

احسن اقبال نےمزید کہا کہ ملک کے ہر بڑے منصوبے پر مسلم لیگ (ن) کی مہر نمایاں ہے، چاہے وہ توانائی کے منصوبے ہوں ، موٹرویز کا جال بچھانا ہو یا سی پیک جیسے انقلابی منصوبے۔ ان کے مطابق مسلم لیگ ن آج بھی پاکستان کی ترقی کا واحد ضامن جماعت ہے ۔

Scroll to Top