پاکستان کے مختلف شہروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، تاہم دیگر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بدستور شہریوں کی پہنچ سے باہر ہیں۔
کوئٹہ میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 100 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد قیمت 350 روپے سے کم ہو کر 250 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔ منڈیوں میں ٹماٹر کی بہتر سپلائی کے باعث قیمتوں میں یہ کمی دیکھی جا رہی ہے۔
کراچی میں بھی ٹماٹر کی قیمت میں کمی سامنے آئی ہے۔ اول درجہ ٹماٹر 250 روپے فی کلو جبکہ دوئم درجہ 220 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں ٹماٹر کی قیمتیں 280 روپے فی کلو تک آ گئی ہیں، جبکہ آلو درجہ اول 80 روپے اور درجہ دوم 60 روپے فی کلو دستیاب ہیں۔
پشاور میں ٹماٹر کی قیمتوں میں استحکام دیکھا جا رہا ہے، جہاں پرچون مارکیٹ میں ٹماٹر 320 سے 300 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جبکہ سرکاری قیمت 290 روپے سے کم ہو کر 280 روپے مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں صورتحال مختلف ہے۔ یہاں اوپن مارکیٹ میں ٹماٹر شہریوں کی قوتِ خرید سے باہر ہو چکا ہے۔ سرکاری نرخ 185 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود بازار میں ٹماٹر 400 سے 450 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔
لاہور میں دیگر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں بھی واضح فرق موجود ہے۔ پیاز کی سرکاری قیمت 100 روپے ہے مگر بازار میں 120 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ لہسن کے سرکاری نرخ 210 روپے کلو جبکہ مارکیٹ میں 300 روپے کلو میں فروخت جاری ہے۔
ادرک کی سرکاری قیمت 640 روپے فی کلو ہے، مگر بازار میں 690 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ ساگ 50 روپے کے بجائے 90 روپے، آلو 90 کے بجائے 110 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ مٹر کی سرکاری قیمت 350 روپے فی کلو ہے جبکہ مارکیٹ میں 400 روپے میں فروخت جاری ہے۔
کریلا 120 روپے کے بجائے 150 روپے، ٹینڈے 190 کے بجائے 240 روپے، اور دیسی گاجر 100 کے بجائے 120 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دشمن کی کسی بھی جارحیت کیخلاف پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر
پھلوں میں بھی یہی صورتحال ہے۔ لاہور میں جاپانی پھل کی سرکاری قیمت 160 روپے فی کلو ہے مگر بازار میں 200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ مسمی 160 روپے فی درجن کے بجائے 200 روپے فی درجن دستیاب ہے۔ انگور کی قیمت 390 روپے فی کلو مقرر ہے مگر فروخت 450 روپے میں ہو رہی ہے۔ امرود 240 کے بجائے 280 اور سیب 175 کے بجائے 250 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔




