دشمن کی کسی بھی جارحیت کیخلاف پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

مردان (کشمیر ڈیجیٹل)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مردان کی مختلف یونیورسٹیوں اور مدارس کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ نشست کی جس میں عبدالولی خان یونیورسٹی، ویمنز یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور مدارس کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔

اس دوران معرکہ حق اور حالیہ پاک افغان کشیدگی سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشتگردی اور خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کے خلاف پاک فوج اور عوام سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے قوم اور فوج یکجا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی کے تحفظ میں قوم اور فوج کے درمیان باہمی اعتماد سب سے بڑی طاقت ہے۔

اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے غازیان اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملکی سلامتی اور استحکام کے حصول کے لیے خیبر پختونخوا کے نوجوان پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن 5 سال بعد بحال، پہلی پرواز مانچسٹر روانہ

یہ نشست علم، فہم اور اتحادِ ملت کے فروغ کے ساتھ عوام اور فوج کے درمیان باہمی اعتماد کا مظہر بنی۔

Scroll to Top