پیپلزپارٹی آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا وقت اور مقام چوتھی بار تبدیل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا مقام اور وقت ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا ہے۔ یہ تبدیلی چوتھی مرتبہ کی گئی ہے جس نے پارٹی اراکین میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمانی گروپ کا اجلاس آج شام زرداری ہاؤس اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔ اجلاس میں فریال تالپور کی شرکت بھی متوقع ہے، جبکہ تمام ارکان اسمبلی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل، وزیراعظم انوارالحق کو عہدے سے ہٹانے اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اجلاس انتہائی اہم نوعیت کا ہے کیونکہ اس میں آئندہ کے سیاسی فیصلوں پر بلاول بھٹو اور فریال تالپور خود رہنمائی کریں گے۔

دوسری جانب فریال تالپور کی مختلف سیاسی رہنماؤں اور ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے لیے درکار 27 ارکان کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں آخری مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں۔ اگر مطلوبہ حمایت حاصل ہوگئی تو آج ہی نئے وزیراعظم کے نام کا اعلان متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت عظمیٰ کے لیے پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین، لطیف اکبر اور سردار یعقوب مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں۔ پارٹی کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ حتمی امیدوار کا فیصلہ اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: چین نے دنیا کا سب سے طاقتوراور بڑا الیکٹرک کارگوجہاز لانچ کردیا

پارٹی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں نئی سیاسی صف بندی کے اشارے مل رہے ہیں، اور اگر پیپلزپارٹی کو اکثریت حاصل ہوجاتی ہے تو نئی حکومت کے قیام کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق آج کا اجلاس آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک نیا موڑ ثابت ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں حکومت کی تبدیلی ممکن ہے۔

Scroll to Top