پوسٹ مارٹم

اسلام آباد : ایس پی عدیل اکبر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلام آباد پولیس کے افسر ایس پی عدیل اکبر کی مبینہ خودکشی کے واقعے کے بعد ان کے پوسٹ مارٹم کی تفصیلات سامنے آ گئیں ہیں ۔

پمز ہسپتال میں مکمل کیے گئے پوسٹ مارٹم کے مطابق عدیل اکبر کو ایک گولی لگی تھی جو سر کے سامنے کی جانب سے داخل ہو کر عقب سے باہر نکلی ۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گولی لگنے کے بعد ان کا دماغ شدید متاثر ہوا ، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی ۔

پمز اسپتال کے میڈیکل لیبارٹری افسر (MLO) نے پوسٹ مارٹم کی تفصیلات مکمل کرتے ہوئے ابتدائی رپورٹ پولیس کو فراہم کر دی ہے، جس کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق عدیل اکبر نے گزشتہ روز ساتھی اہلکار سے پستول لے کر خود کو گولی مار کر مبینہ طور پر خودکشی کی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی پولیس افسر عدیل اکبر نے خودکشی کرلی،تحقیقات شروع

عدیل اکبر کا تعلق گجرات سے تھا اور وہ سی ایس ایس کے چھیالیسویں کامن کے ٹاپر بھی تھے ۔ وہ ایک ننھی بیٹی کے والد تھے۔ واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا تھا تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جا سکے ۔

لاش کے حوالے ہونے کے بعد ایس پی عدیل اکبر کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی، جس میں ان کے اہلخانہ اور ساتھی اہلکار شریک ہوئے ۔ پولیس کے اعلیٰ حکام نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات منظر عام پر آئیں گی ۔

یہ واقعہ نہ صرف پولیس افسران کی کمیونٹی میں غم و صدمے کا سبب بنا بلکہ عوام میں بھی تشویش پیدا کی ہے ۔ عدیل اکبر کے اہل خانہ ، ساتھی افسران اور دوست ان کی اچانک وفات سے دلی صدمے سے دوچار ہیں ۔

Scroll to Top