گرفتار

بلند آواز میں گانے سننے والا شخص پولیس نے گرفتار کر لیا

قصور کی تحصیل پتوکی میں پولیس نے بلند آواز میں گانا چلانے پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا ۔

پولیس کے مطابق واقعہ پتوکی کے علاقے حبیب آباد میں پیش آیا، جہاں ایک شخص اُونچی آواز میں گانے سن رہا تھا، جس کے خلاف اہلِ علاقہ کی شکایت پر فوری کارروائی کی گئی ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو پکڑ لیا اور اس کا ایمپلی فائر اور اسپیکرقبضے میں لے لیے ۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار شخص کے خلاف پنجاب ساؤنڈ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص ملکہ ترنم نورجہاں کے مشہور گانے سن رہا تھا جب اہلکاروں نے کارروائی کی۔ اس دوران اونچی آواز میں موسیقی بجانے پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

پولیس کے مطابق اس واقعے کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گرفتار شخص بلند آواز میں گانے سن رہا ہے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد واقعہ عوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور شہریوں کی جانب سے اس پر مختلف ردِ عمل سامنے آ رہے ہیں ۔

پنجاب ساؤنڈ ایکٹ 2015 کے تحت رہائشی علاقوں، عبادت گاہوں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر شور یا بلند آواز میں موسیقی، تقاریر یا اعلانات پر پابندی عائد ہے ۔ قانون کے مطابق، مقررہ حد سے زیادہ آواز میں ساؤنڈ سسٹم یا لاؤڈ اسپیکر کا استعمال جرم ہے۔ اس ایکٹ کے تحت خلاف ورزی کرنے والے شخص کو قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی سکون کو متاثر کرنے والے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں، اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قانون کی پابندی کرتے ہوئے اونچی آواز میں موسیقی بجانے سے گریز کریں تاکہ علاقے میں امن و سکون برقرار رکھا جا سکے ۔

Scroll to Top