آزادکشمیر کا 78واں یوم تاسیس،تحریک کشمیر کے جھنڈے کو کبھی سرنگوں نہیں ہونے دینگے، وزیراعظم انوارالحق

مظفرآباد:وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے آزادجموں وکشمیرکے 78 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں چوہدری انوار الحق نے کہا کہ یہ دن ان عظیم شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے اس خطے کو آزاد کرایا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو پچھلے 78 سال سے بھارتی فوج کے محاصرے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کبھی بھی تحریک آزادی کشمیر کے جھنڈے کو سرنگوں نہیں ہونے دیں گے اور اس جدوجہد میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتے رہیں گے۔

انہوںنے مقبوضہ کشمیر کے ان بہادر کشمیریوں کو سلام پیش کیا جو بھارتی افواج کے سامنے سینہ سپر ہیں۔جب ہمارے آباؤ اجداد نے اس خطے کو آزاد کرایا، تو وہ شدید مشکلات اور بے سروسامانی کے عالم میں تھے، مگر ان کی قربانیوں نے آزادی کی راہ ہموار کی۔

ان قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں اور ان کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد حکومت کے قیام کا مقصد تحریک آزادی کشمیر ہے اور ہماری حکومت کی اولین ترجیح یہی ہے، بھارتی حکومت کے ہٹ دھرم اور ظالمانہ رویے نے کشمیری عوام کو مجبور کیا کہ وہ اپنی آزادی کی جدوجہد کو مزید تقویت دیں۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے78ویں یومِ تاسیس کی تیاریاں مکمل

کشمیر کے عوام نے آگ اور خون کے دریا عبور کرتے ہوئے اپنی جدوجہد کو ایک نئی تاریخ بخشی، جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں مشکل ہی سے ملے گی۔

انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر آئینی، غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد سے مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نازک وقت میں اقوام متحدہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے لیکن انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر پاکستان کے ساتھ الحاق کریں گے اور ہم اپنے آباؤ اجداد کے الحاق پاکستان کے عزم کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

یوم تاسیس منا کر جہاں ہم اپنے بزرگوں کو آزادریاست جموں وکشمیر کیلئے جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں وہیں ہم پر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہماری جدوجہد تب تک جاری رہے گی جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر کو ہندوستانی تسلط سے آزاد نہیں کروالیتے۔

Scroll to Top